اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اعلی تعلیم کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کر کے اسے بین الاقوامی معیار پر لانے کا اعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ نوجوانوں کے لیے اعلی تعلیم کے حصول کے متعدد مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ ہمارے باصلاحیت نوجوان ملک کی ترقی میں اپنا کردار موثر طریقے سے ادا کر سکیں۔ وزیراعظم پریس ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے یہ بات کوئٹہ میں بلوچستان کی سرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس کے شرکا نے وزیراعظم کو بلوچستان میں اعلی تعلیم کے حوالے سے پیش رفت اور درپیش مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی ۔وزیراعظم نے اعلی تعلیم کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کر کے اسے بین الاقوامی معیار پر لانے کے عزم کا اعادہ کیا اورکہاکہ ہمارے نوجوان اور ہماری افرادی قوت پاکستان کے بہتر مستقبل کے حصول کے لیے انتہائی اہم اثاثہ ہیں، وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان میں نوجوانوں کے لیے اعلی تعلیم کے حصول کے متعدد مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ ہمارے باصلاحیت نوجوان ملک کی ترقی میں اپنا کردار مثر طریقے سے ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں جدت کا فقدان، تحقیق اور اعلی تعلیم کے فقدان سے منسلک ہے، اس ضمن میں یونیورسٹیوں میں تحقیق اور نئی ایجادات کے فروغ کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ وزیراعظم نے اجلاس کے شرکا کو ہدایات کی کہ جامعات میں اعلی تعلیم کو جدید تحقیق کی مستحکم بنیاد بنانے کے لیے منصوبہ بندی کو یقینی بنایا جائے کہ یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبا و طالبات صنعتوں کو درکار پیشہ ورانہ مہارتیں و ہنر سے آراستہ ہوں۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں موجود صنعتیں یونیورسٹیوں میں انکیوبیشن سینٹر بنائیں تاکہ طلبا و طالبات کو ہم عصر تحقیق کے مواقع میسر ہوں ۔ وزیراعظم نے کہاکہ ایسے اقدامات سے ملک میں صنعتوں کیلئے تربیت یافتہ افرادی قوت فراہم ہوگی اور صنعتی انقلاب کی راہ ہموار ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں معیاری اعلی تعلیم کی مستقل فراہمی سے زندگی کے تمام شعبوں میں بہتری آئے گی۔