جدہ،15 اگست(اے پی پی ): یوم آزادی کے موقع پر سعودی جرمن ہسپتال میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جسکے مہمانان خصوصی پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید اور ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد البناء تھے، یوم آزادی اس تقریب کا اہتمام محمد اعظم جاوید اورا نکی بیگم طلعت اعظم نے کیا۔
یوم آزادی تقریب کے موقع پر ہسپتال کے خوبصورت ہال کو سبز اور سفید غباروں سے سجایا گیا تھا، ننھے بچوں نے رنگ برنگ کپڑے پہنے تھے، ہال میں موجود سامعین کی بڑی تعداد نے قومی پرچم لہراتے ہوئے باسم پیران کے نغموں پر خوشی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر مہمان خصوصی احمدالبناء نے پاکستانی کمیونٹی اور قونصل جنرل خالد مجید، ڈپٹی قونصل جنرل عدنان جاوید اور قونصل ویلفئر شیراز علی کی آمد پر انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی ایک پرجوش قوم ہے ہمیں خوشی ہے کہ انہوں نے اس تقریب کو ایک یادگار تقریب بنایا ہے ۔انہوں نے کہا ہمارے پاس 800 پاکستانی ملازمین ہیں جن میں ڈاکٹرز اور سروسز کے لوگ شامل ہیں ۔
اس موقع پر پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید نے اپنے خطاب میں احمد البناء اور سی ایم او ڈاکٹر ہانی باروم کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پاکستانی کارکنوں کو یہ خوبصورت ہال دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کو جب بھی ضرورت پڑی قونصلیٹ اس کی رہنمائی کرنے پر فخر محسوس کرے گا۔
ہسپتال کے سروسز کے مصری انچارج محمد الحسینی نے پاکستانی لباس زیب تن کرکے پاکستانیوں کے اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں مدد فراہم کی۔ سعودی جرمن ہسپتال کی جانب سے قونصل جرنل خالد مجید کو یادگار شیلڈ دی گئی ۔
قونصل جنرل خالد مجید اور احمد البناء نے ہسپتال کے محنتی منتخب ملازمین کو نقد انعامات دئے۔ یادگار تقریب کے انعقاد پر ہسپتا ل کی جانب سے تمام افراد کیلئے پرتکلف ظہرانہ اس عزم کے ساتھ دیا گیا کہ اس طرح کی تقریب آئندہ بھی منعقد ہوتی رہینگی اور پاکستان قونصلیٹ کا تعاون رہے گا۔ تقریب میں ڈاکٹر محمد امجد عبید نے بھی یوم آزادی کی مناسبت سے پانے خیالا ت کا اظہار کیا۔