ملتان،15اگست(اے پی پی):ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ نے خطے کو تعمیر و ترقی کی ایک نئی شاہراہ پر گامزن کردیا ہے اور اب بجٹ میں مختص ترقیاتی فنڈ کی ایک پائی بھی جنوبی پنجاب سے باہر منتقل نہیں کی جا سکتی۔اسی طرح عوامی مسائل کے بروقت حل کے لئے مربوط میکانزم تیار کیا گیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے دورے پر آئے ہوئےسول سروس اکیڈمی میں زیر تربیت پاکستان ایڈمنسٹریٹیو سروس کے 36افسران پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا ہےکہ سیکرٹریٹ کے نظام کو ڈیجیٹائز کردیا گیا ہے اور سرکاری خط و کتابت کے لئے ای فائلنگ سسٹم رائج کیا گیا جبکہ زیرتعمیرسول سیکرٹریٹ بھی کارپوریٹ کلچر کا آئینہ دار ہوگا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ جنوبی پنجاب کا ملک کی زرعی پیداوار میں مرکزی کردار ہے،حکومت کی کاوشوں سے جنوبی پنجاب میں کپاس کی کاشت کا دور واپس لوٹ آیا ہے اور توقع ہے کہ کپاس کی بھرپور پیداوار ملک کی معاشی ترقی کا زینہ ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ حکومت ڈیری ڈویلپمنٹ اور کارپوریٹ فارمنگ کےلئے وسیع منصوبہ بندی کر رہی ہے۔چولستان اور تھل کے ریگزاروں کو سبزہ زار میں بدل کر غذائی ضروریات پوری کی جاسکتی ہیں اور کہا چولستان میں مصنوعی بارش برسانے کے سسٹم کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جارہا ہے اور پہلے مرحلے میں 60 لاکھ ایکڑ رقبے کو قابل کاشت بنانے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے بتایا کہ ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز کی مانیٹرنگ کی وجہ سے ماتحت محکموں کی سروس ڈیلیوری میں بہتری آرہی ہے۔ دیہی مراکز صحت میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میٹرک کےحالیہ رزلٹ کے مطابق جنوبی پنجاب کے تعلیمی بورڈز صوبہ بھر میں ٹاپ پر ہیں، اسی طرح سکولوں میں انرولمنٹ مہم میں بھی جنوبی پنجاب لیڈ کررہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صبح نو اور ٹرانسجینڈر سکولز محکمہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے قابل فخر اقدامات ہیں جبکہ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے سکولوں میں گرین بک کے اجراء پر یونیسف نے بھی تعریف کی ہے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب نے کہا کہ تین صوبوں کے سنگم پر واقع یہ خطہ اپنی تہذیب اور ثقافت کے حوالے سے ایک منفرد مقام رکھتا ہے اور یہاں سیاحت کو فروغ دینے کے بے پناہ موقع موجود ہیں۔انہوں نے زیر تربیت افسران سے کہا کہ وہ اپنی سرکاری سروس کو عوامی خدمت کا محور بنائیں اور اپنی پوسٹنگ کے دوران متعلقہ علاقے کے لئے ایسا کام کرجائیں کہ لوگ انہیں ہمیشہ یاد رکھیں۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری کی جانب سے وفد کے سربراہ کو یادگاری شیلڈ دی گئی جبکہ سول سروس اکیڈمی کی جانب سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کو سونئیر پیش کیا گیا۔
سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل،سیکرٹری سروسز جنوبی پنجاب امجد شعیب خان ترین اور ڈپٹی ڈائریکٹر سول سروس اکیڈمی رحمت ولی خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔