سرگودھا؛ یوم شہداء پولیس پر تقریب ، شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش

28

سرگودھا،04 اگست (اے پی پی):یوم شہداء پولیس کے موقع پر ذکاء اللہ شہید پولیس لائنز سرگودھا میں یادگارِشہداء پر سلامی دینے کی تقریب منعقد ہوئی۔ آر پی اوشارق کمال صدیقی، کمشنر محمد اجمل بھٹی، ڈی پی اومحمد فیصل کامران نے شہداء کو سلام پیش کیا، یادگارِشہداء پرپھولوں کی چادر چڑھائی اور  شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ۔

الحمراآرٹس کونسل میں یومِ شہداء کے حوالے سے پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔جس میں شہدا کے ورثاء نے  بطور مہمان خصوصہ شرکت کی ۔ آر پی او شارق کمال صدیقی، کمشنر محمد اکمل بھٹی،ڈی پی او محمد فیصل کامران ودیگر افسران نے شرکت کے علاوہ صدر چیمبر آف کامرس، انجمن تاجران ، سیکرٹری بار کے اور سول سوسائٹی نے کثیر تعدادمیں شرکت کی۔

تقریب میں شہدا کو ملی نغموں اور بچوں کی تقاریر کے ذریعے خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او سرگودھا کا کہنا تھا کہ سرگودھا پولیس اپنے شہدا کی وارث ہے، شہداء کے ورثا کا اپنے خاندان کی طرح خیال رکھا جارہا ہے۔

کمشنر محمد اجمل بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس جوانوں میں شہادت کا جزبہ قابلِ ستائش ہے۔ کسی عظیم مقصد کے لیے ہی جان قربان کی جاسکتی ہے۔سروس کے دوران وطن پر مر مٹنے کے جذبے کو قریب سے دیکھا ہے۔

آرپی او شارق کمال صدیقی نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہداء پولیس کی قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں، دو دن قبل تھانہ مکڑوال کے علاقے میں اشتہاریوں سے مقابلہ کے دوران ہیڈ کنسٹیبل محمد علی نے جام شہادت نوش کیا ہے اور یوں ایک تازہ پھول اس گلدستے میں شامل ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ  ہر شہادت ہمارے جزبے کو مزید بلند کرتی ہے، ہم اپنے خون سے امن وامان برقرار رکھنے کے عہد پر قائم ہیں۔

آرپی او شارق کمال صدیقی نے کہا کہ  2017 سے قبل شہید ہونے والے سرگودھا پولیس کے  شہداء کی فیملیز میں پلاٹ کی تقسیم کی جا رہی ہے، ابتدائی طور پر آٹھ فیملیز میں پلاٹ تقسیم کئے جا رہے ہیں جو آئندہ دنوں میں تمام شہدا کو پلاٹ دیے جائیں گی۔

آر پی او شارق کمال صدیقی،کمشنر سرگودھا محمد اجمل بھٹی،ڈی پی او محمد فیصل کامران نے شہداء کی فیملیز میں تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔آخر میں پولیس شہداء کے خاندانوں کو پر تکلف کھانے سے تواضع کی گئی۔