سعودی عرب میں نو تعینات پاکستانی سفیر احمدفاروق کا جدہ قونصلیٹ کا دورہ، مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں

8

جدہ،02 اگست(اے پی پی ): سعودی  عرب میں متعین نئے پاکستانی سفیر احمدفاروق نے جدہ قونصلیٹ کا  پہلا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاکستانی میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں، کشمیر کمیٹی جدہ اور پاکستان کمیونٹی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

صحافیوں سے ملاقات میں سفیر احمدفاروق نے میڈیا سے متعلق افراد سے توقع ظاہر کی کہ پاکستان اور سعودی عرب کے لازوال رشتوں کو اپنے کام سے مزید مضبوط کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے مشورے  اور تجاویز  سے ہم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کے حل میں معاون ثابت ہونگے، ہماری ترجیحات میں سعودی عرب سے اپنی تجارت کو بہتر کرنا  اور تعلیم یافتہ پاکستانیوں کیلئے زیادہ سے زیادہ  سے روزگار کے مواقع حاصل کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ  سعودی عرب سے پاکستان کی دیرینہ دوستی ہے  اور ہم اپنے مطلوبہ احداف کو بہ آسانی حاصل کرسکتے ہیں۔

 سفیر احمدفاروق نے ہدایت کی کہ پاکستانی میڈیا، کمیونٹی تک یہ بات پہنچانے میں ہماری مدد کرے کہ یہاں پاکستانی کسی غیر قانونی کام میں ملوث نہ ہوں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سعودی عرب کی جیلوں میں قید پاکستانی صرف اور صرف غیر قانونی کاروبار میں ملوث یا اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی بناء پر ہیں۔ انہوں نے بتایا  کہ  قید پاکستانیوں میں 60فیصد ریاض اور 25 فیصدپاکستانی منشیات کے کاروبار سے منسلک ہونے کی بناء پر  ہیں۔

احمد فاروق نے بتایا کہ  سعودی عرب میں کنسٹرکشن کا شعبہ ترقی کررہا ہے، میری ترجیہات میں پاکستان کی مشہور تعمیراتی کمپنیوں کو  سعودی عرب میں لانا ہے، اس سے ہمارے تجربہ کار انجینئر اورتعلیم یافتہ افراد کے علاوہ تجربہ کار لیبر طبقہ بھی یہاں ملازمت کے مواقع حاصل کرسکے گا، جو ہماری ذرمبادلہ کی ضروریات میں معاون ثابت ہونگے۔

سفیر احمدفاروق نے کہا کہ  سعودی عرب سے پاکستانی سب سے زیادہ ذرمبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں اس میں مزید اضافہ کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

صحافیوں سے ملاقات کے بعد سفیر احمد فاروق نے پاکستانی کمیونٹی کے بڑے اجتماع سے بھی خطاب کیا اورانہیں اپنی ترجیحات سے آگا ہ کیا۔ دونوں اجلاسوں میں قونصل جنرل خالد مجید نے میزبانی کے فرائض انجام دئیے۔