سیالکوٹ؛یوم آزادی پر پرچم کشائی تقریب ، پولیس، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس کے دستوں نے سلامی پیش کی

10

سیالکوٹ،14 اگست(اے پی پی): ملک بھر کی طرح سیالکوٹ میں بھی وطن عزیز کا 76 واں یوم آزادی شایان شان طریقے سے منایا جا رہا ہے۔

پرچم کشائی کی تقریب میں  ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان ، لیفٹیننٹ کرنل وحید الزماں،ڈی پی او محمد ضیاء ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز محمد اقبال ، اسد کاظمی ، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھر پور شرکت کی ۔

 مہمانان خصوصی نے پرچم کشائی کی ، پنجاب پولیس، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس کے دستوں نے سلامی پیش کی جبکہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے زیر انتظام سرکاری سکولوں کے بچوں نے ملی نغموں سے حاضرین سے خوب داد حاصل کی اور ٹیبلوز بھی پیش کئے۔

 ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے خطاب کرتے ہوئے تمام اہل وطن کو جشن آزادی کی مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان کے دشمنوں نے روز اول سے اسکے خلاف سازشوں کا آغاز کر دیا تھا لیکن یہ وطن 76 سال بعد بھی دنیا کے نقشے پر جگمگا رہا ہے اور ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔

 ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مشکلات قوموں کی زندگی میں آتی ہیں ، ہمیں دیگر مسائل کے ساتھ دہشتگردی کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ہے اور اس میں استعداد موجود ہے کہ ترقی و خوشحالی کا مرکز بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ آج نئی نسل کو قیام پاکستان کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے ۔

 دریں اثنا رات 14 اگست کا آغاز قلعہ سیالکوٹ پر شاندار آتشبازی سے کیا گیا ، ہزاروں شہریوں نے فیملیز سمیت شرکت کی اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے فضا گونجتی رہی۔