ڈیرہ غازی خان،21 اگست(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان مہر شاہد زمان لک نے کہا ہے کہ شہر کے سیوریج سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں،عوامی شکایات کے ازالے کیلئے انتظامیہ متحرک ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ سکندر روڈ کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد اسد چانڈیہ،اسسٹنٹ کمشنر عثمان غنی،ڈی ڈی ڈویلپمنٹ امیر مسلم،ایم او آئی غلام قنبر ودیگر افسران ان کے ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے مین شاہراہ سے نکاسی آب کو فوری یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سیوریج لائنوں سے کچرا اور ملبے کو نکالنے کیلئے ونچ مشینوں کی تعداد بڑھائی جائے،سیوریج لائنیں ڈیمج ہوں تو نئی پائپ لائنیں بچھائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت اور ٹریفک روانی کے پیش نظر کام جلد مکمل کیا جائے کیونکہ سیوریج کے مسائل سے شہریوں کی تکالیف میں اضافہ ہوتا ہے جنہیں فوری طور پر حل کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے ٹریکٹر فیکٹری کے نزدیک نجی تعمیراتی کمپنی کے اسفالٹ پلانٹ کا بھی دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر کو پلانٹ کی ورکنگ،مانیٹرنگ بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔مہر شاہد زمان لک نے کہا کہ پلانٹ کے تعمیراتی مرحلے میں اچھے میٹریل کو استعمال کیا جائے اور استعمال شدہ میٹریل کے ٹیسٹ کروائے جائیں گے،ناقص ٹیسٹ رپورٹ پر ذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔