شیخوپورہ؛ قومی اقلیتی  دن  کے موقع پر واک اور کیک کاٹنے کی تقریب کا انعقاد

14

شیخوپورہ،11 اگست(اے پی پی): ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ سرمد تیمور کی قیادت میں قومی اقلیتی دن کے موقع پر واک اور کیک کاٹنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

  اقلیتی برادری سے اظہار یکجہتی کے لیے منعقدہ واک میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) عثمان جلیس، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن فیصل جاوید، چیف افیسر ضلع کونسل احسن عنایت سندھو، پرسنل سٹاف آفیسر ٹو ڈپٹی کمشنر اعجاز احمد، دیگر محکموں کے افسران اور اقلیتی سرکاری ملازمین نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے ”پاکستان زندہ باد، ہم سب کا پاکستان” کے نعرے لگائے۔ قومی یکجہتی کے اظہار کیلئے تقریب کو ”سب کا پاکستان”کا عنوان دیا گیا۔

 اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سرمد تیمور نے قیام پاکستان میں گراں قدر خدمات پر مینارٹیز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہم سب کا وطن ہے اور مینارٹیز پاکستان کا اہم ترین حصہ ہیں، پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتیں ہر دور میں آگے رہیں، ہمیں اپنے ہر شہری پر فخر ہے۔پاکستان میں بسنے والے غیر مسلم اقلیتوں کے جان و مال اور مذہبی عبادت گاہوں کا تحفظ ہماری اولین ذمہ داری ہے۔

 ڈپٹی کمشنر سرمد تیمور نے کہا کہ قیام پاکستان کے موقع پر مسلمانوں کے علاوہ دیگر مذاہب کے رہنماؤں نے قائد اعظم کی قیادت میں آزادی کی جنگ میں حصہ لیا اور آزادی حاصل کی، پاکستان واحد اسلامی ریاست ہے، جہاں غیر مسلموں کو مکمل سیاسی، مذہبی، سماجی حقوق کی ضمانت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ  پاکستان ہم سب کا ہے اور ہم نے ملکر اس کو ترقی کی شاہراہ پر نہ صرف گامزن رکھنا ہے بلکہ اسکے استحکام اور بقاء کیلئے بھی ہر قسم کی قربانی دینے کے عزم پر عمل پیرا رہنا ہے، پاکستان کی اقلیتوں کی مادر وطن کیلئے قربانیاں لائق ستائش اور خدمات لائق آفرین ہیں۔