اسلام آباد،21اگست (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو آڈیٹر جنرل آف پاکستان محمد اجمل گوندل نے مالی سال 2022-2023 کی رپورٹ پیر کو یہاں پیش کی ۔
اس موقع پر صدر مملکت نے آڈٹ عمل کو مزید موثر بنانے کیلئے جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آڈٹ عمل میں بہتری سے ملک میں بہتر گورننس ، شفافیت اور احتساب کے فروغ میں مدد ملے گی۔
صدر مملکت نے ملک میں مالی نظم و ضبط برقرار رکھنے میں آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے ادارے کے کردار کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ آڈیٹر جنرل ملک میں آڈٹ کے نظام میں مزید بہتری کیلئے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ آڈیٹر جنرل ادارے کو مزید موثر بنانے کیلئے اہداف کا تعین کیا جائے، آڈیٹر جنرل حکومت کو بہتر گوررننس کے فروغ میں بھرپور مدد فراہم کرے۔
صدر مملکت نے کہا کہ بہتر اندرونی کنٹرول ، ٹیکنالوجی ، آٹو میشن اور عالمی معیار کے مطابق آڈٹ کے طریقوں کو اپنانے کی ضرورت ہے۔