قصور؛ 76ویں یوم  آزادی  پر مختلف  تقریبات ، ملک کی سا لمیت، ترقی و خوشحالی، استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں

18

  قصور،14اگست(اے پی پی): ملک بھرکی طرح قصورمیں بھی پاکستان کے 76ویں  یوم آزادی پر ڈی پی ایس،بابابلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہسپتال،گورنمنٹ ہائی سکول مصطفی آباد اور تمام تحصیلوں میں پروقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

قصورمیں مرکزی تقریب ڈی پی ایس میں منعقد ہوئی جہاں ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی و دیگر نے پرچم کشائی کی،پرچم کشائی سے قبل سائرن اورقومی ترانہ بجایا گیا،قصور پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی،روایتی گھوڑا ڈانس بھی پیش کیا گیا۔

 ڈی پی ایس قصور جشن آزادی تقریب میں بچوں نے ترانے، ملی نغمے، ٹیبلو پیش کئے اور کیک کاٹا گیا،اسی طرح بابا بلھے شاہ ڈسٹرکٹ ہسپتال قصور میں جشن آزادی تقریب میں ملی نغمے اور آزادی کیک کاٹا گیا۔ڈپٹی کمشنرقصور نے مریضوں اور انکے لواحقین میں آزادی کی خوشی میں مٹھائی تقسیم کی۔

 ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں جشن آزادی واک بھی کی گئی، ڈپٹی کمشنر نے ڈی پی ایس، بابا بلھے شاہ ہسپتال، مصطفی آباد میں جشن آزادی کے سلسلہ میں پودے بھی لگائے۔

 تحصیل چونیاں، پتوکی، کوٹ رادھاکشن میں بھی متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرنے پرچم کشائی کی اور کیک کاٹے۔

اس موقع پرڈپٹی کمشنرقصورمحمدارشدبھٹی نے جشن آزادی کے حوالے سے مختلف تقریبات میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام اہل وطن کو دل کی گہرائیوں سے آزادی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں‘ آزادی بہت بڑی نعمت ہے اللہ کا شکر ہے ہم آزاد وطن میں سانس لے رہے ہیں، آزادی کی نعمت حاصل کرنے کیلئے لاکھوں مسلمانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

 ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بزرگوں نے ہمارے مستقبل کیلئے اپنا حال قربان کیا، تحریک پاکستان کی جدوجہد میں شہید ہونے والوں کی بے مثال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ ذاتی مفاد سے بالاتر ہو کر ملک کی ترقی کیلئے اپنی توانائیاں صرف کرینگے۔

تقریبات کے اختتام پر ملک کی سا لمیت، ترقی و خوشحالی، استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔