ملتان، 14 اگست (اے پی پی ):تعلیمی بورڈ ملتان میں جشن آزادی کی پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب کی صدارت ،چیئرمین تعلیمی بورڈملتان حافظ محمد قاسم نے کی جبکہ مہمان خصوصی سیکرٹری بورڈ خُرم شہزادقریشی تھے۔
چیئرمین،سیکرٹری بورڈنے ہمراہ آفیسران بورڈ پرچم کشائی کی اور قومی ترانہ پڑھا گیا۔تقریب کے تمام حاضرین نے کھڑے ہوکر با آواز بلند بڑی گرم جوشی سے قومی ترانہ پڑھا، دفتر ہذا کے سیکورٹی گارڈز نے قومی پرچم کو سلامی دی اور مہمانان کو گارڈ آف آنر پیش کیا ۔
بعد ازاں مہمانان نے یوم آزادی کے حوالہ سے کیک کاٹا اور چیئرمین اور سیکرٹری بورڈنے پاکستان کی ترقی، سلامتی و خوشحالی کیلئے دعا کروائی۔ پرچم کشائی کے بعد چیئرمین،سیکرٹری بورڈ نے شجرکاری کے حوالہ سے پودا لگایا۔
چیئرمین نے یوم آزادی کے حوالے سے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ہم پر لازم ہے کہ ہم اپنی نئی نسل کو پاکستان کے حصول کیلئے اپنے آباؤ اجداد کی طرف سے دی گئی جانی و مالی قربانیوں اور مفکر پاکستان علامہ ڈاکٹر محمد اقبال اور قائداعظم محمد علی جناح کی قائدانہ شخصیت کے بارے میں بتائیں۔
سیکرٹری بورڈ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آزادی کے اصل ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنا چاہیے، آج ہم اس مملکت خداداد پاکستان میں آزادی کے ساتھ جو زندگی بسر کررہے ہیں وہ قائداعظم کی بے پایاں سیاسی بصیرت،بے پناہ محنت اور اہمارے آباؤ اجداد کی بے پناہ جانی و مالی قربانیوں کی بدولت ہے۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء میں کیک اور مٹھائی تقسیم کی گئی، ڈاکٹر حافظ فدا حسین نے ملک کی ترقی، سلامتی اور استحکام کیلئے دُعا کروائی۔
تقریب میں بورڈ آفیسران،عبدالرؤف کھوکھر، قاضی مُجیب الرحمٰن، ڈاکٹر حافظ فدا حسین، محمد الیاس صدیقی، ڈاکٹر علی رضا، ناصر حسین شمسی،،محمد منور پاشا، عبدالغفار فریدی، محمد اسلم بُھٹہ،محمد یامین، محمد افضال،ملک نثار احمد، صدر، ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن، بورڈ ملازمین اور ان کے بچوں نے شرکت کی۔