ملتان،11 اگست(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر کی ہدایت پر ضلع ملتان میں یوم آزادی شایان شان اور قومی جذبے سے منانے کی تیاریاں شروع کردی گئیں ہیں، اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نعمان افضل اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عابدہ فرید کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں ضلعی محکموں کی جانب سے یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں بریفنگ دی گئی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نعمان افضل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 13 اگست کی رات 12 دمدمہ پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ ہوگا جبکہ یوم آزادی پرچوک گھنٹہ گھر پر مرکزی پرچم کشائی اور پریڈ کی تقریب بھی ہوگی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عابدہ فرید نے کہا کہ14 اگست کی شام تقریبات اور میوزیکل نائٹ میں ملی نغمے،ترانے اور نامور گلوکار فن کا مظاہرہ کریں گے،شہر بھر اور سرکاری عمارات کو پرچموں اور لائٹنگ سے سجایا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ میٹرو کے روٹ پر چراغاں اور یوم آزادی کے موقع پر شجر کاری بھی کی جائے گی۔