وہاڑی،14اگست(اے پی پی):ضلعی انتظامیہ کی طرف سے خورشید انور سٹیڈیم میں جشن آزادی نائٹ کا انعقاد کیا گیا اور آزادی نائٹ سے جشن آزادی رنگا رنگ تقریبات کا آغاز کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر سید آصف حسین شاہ نے تقریبات کا افتتاح کیا۔
خورشید انور سٹیڈیم کو قومی پرچموں برقی قمقموں سے سجایا گیا، تقریب میں طلباء نے ٹیبلوز پیش کیے جسے شائقین نے خوب داد دی ،سکولوں کے طلباء و طالبات نے ملی نغمے پیش کئے۔
سٹیج کو مختلف رنگوں کے غباروں کے ذریعے خوبصورتی سے سجایا گیا اورنوجوانوں نے ڈھول کی تھاپ اور شہنائی پر بھنگڑا ڈالے۔سپیشل سکول کے بچوں نے خوبصورت بھنگڑا ڈال کر شائقین سے خوب داد وصول کی جبکہ ڈاچی ڈانس نے تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔
رات بارہ بجتے ہی آتشبازی کا دلکشں مظاہرہ کیا گیا۔ آتشبازی سے خورشید انور سٹیڈیم کی فضا قوس و قزاح کے مناظر پیش کرتی دکھائی دی۔