ٹنڈومحمدخان ، ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف تاجر اپنا کاروبار بند کرکے سڑکوں پر نکل آئے

16

ٹنڈو محمد خان، 22اگست(اے پی پی): ملک میں بڑھتی ہوئی کمر توڑ مہنگائی کے خلاف ٹنڈومحمدخان کے تاجر اپنا کاروبار بند کرکے سڑکوں پر نکل آئے، اگر مہنگائی پر کنٹرول نہیں کرسکتے تو گھر جاو، بصورت دیگر ملک بھر کے تمام کاروباری مراکز احتجاجاً بند کردیئے جائیں گے، احتجاج کے دوران تاجروں نے اعلان کردیا، ٹنڈومحمدخان کے تمام تاجر برداری کلاتھ مرچنٹ ایسوسی ایشن، کریانہ مرچنٹ، رائس ملز ایسوسی ایشن، آئیل ملز ایسوسی ایشن سمیت دیگر تاجر ایسوسی ایشنز نے حاجی اسماعیل میمن، اشفاق خلجی، شبیر میمن، سلیم گدی سمیت دیگر کی قیادت میں اسٹیشن روڈ سے پریس کلب ٹنڈومحمدخان تک تاریخ ساز ریلی نکالی، ریلی میں ہزاروں چھوٹے بڑے تاجروں سمیت شہریوں نے شرکت کی، ریلی سے خطاب کے دوران مقررین کا کہنا تھا کہ نااہل و کرپٹ حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، اشیاء خوردونوش عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوگئی ہے، غریب دو وقت کی روٹی سے محروم ہے، جبکہ غریب آدمی غریب تر ہوچکا ہے، لوگ اپنے بچوں کو اسکول کے بجائے محنت مزدوری کروانے پر مجبور ہیں، ان کا کہنا تھا کہ غربت و بیروزگاری کے باعث لوگ دو وقت کی روٹی کے لیے اپنے بچوں کو فروخت کر رہے ہیں تاکہ فاقہ کشی سے اپنے اہل خانہ کو بچایا جا سکے، مظاہرین نے مہنگائی پر کنٹرول کرنے سمیت اشیاء خوردونوش کی ہوشرباء قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر مہنگائی پر کنٹرول نہیں کیا تو ملک بھر کے تاجر اختجاجا اپنا کاروبار بند کردیں گے۔