ٹوبہ ٹیک سنگھ؛ حکومت بجلی کے بلوں پر تاجروں اور شہریوں کو ریلیف دینے کی کوششیں کررہی ہے، ڈپٹی کمشنر

60

ٹوبہ ٹیک سنگھ،30 اگست(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر محمد نعیم نے کہا  ہے کہ حکومت بجلی کے بلوں پر تاجروں اور شہریوں کو ریلیف دینے کے لئے کوششیں کررہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بجلی بلوں کی حالیہ صورتحال پر تاجر نمائندوں سے ملاقات میں کیا۔انہوں نے کہا کہ بجلی بلوں میں ریلیف سے متعلق معاملات وفاقی کابینہ میں زیر بحث ہیں۔ بجلی بلوں کے حوالے سے تاجروں کے تحفظات حکومت تک پہنچائیں گے۔

 ڈپٹی کمشنر محمد نعیم نے کہا کہ احتجاج کی آڑ میں امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دینگے،احتجاج کی آڑ میں سرکاری تنصیبات کو نقصان پہنچانے کی بھی اجازت نہیں دی جاسکتی۔انہوں نے کہا کہ امن و امان کی فضا خراب کرنے والی کارروائیوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے،تاجر برادری کا قیام امن کیلئے مثالی کردار ہے ،تحمل کا مظاہرہ کریں۔

 اجلاس میں تاجر برادری اور صدر ڈسٹرکٹ بار کاضلعی انتظامیہ کو امن و امان کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد جواد سردار ،صدر ڈسٹرکٹ بار احتشام انور، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر محمد شہباز ، ایکسیئن فیسکو اور متعلقہ افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔