پاکستان میں نیپال کے سفیر تاپس ادھیکاری  کا نشتر میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ

60

ملتان 31  آگست (اے پی پی ): پاکستان میں نیپال کے سفیر تاپس ادھیکاری  نے گزشتہ روز نشتر میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا اور وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد سے انکے آفس میں ملاقات کی۔ دوران ملاقات باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا  اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف تعلیمی اور تحقیقی منصوبوں کے آغاز پر اتفاق کیا گیا۔

بعد ازاں نشتر یونیورسٹی میں زیر تعلیم نیپال کے طلباء و طالبات کے وفد نے سفیر تاپس ادھیکاری اور پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد سے ملاقات کی۔ نیپال کے طلبہ نے سفیر کو نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں مختلف تعلیمی وتدریسی سرگرمیوں سمیت یونیورسٹی کی جانب سے انہیں فراہم کردہ سہولیات بارے آگاہ کیا۔ جس پر معزز مہمان نے اظہار مسرت کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد اور یونیورسٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

رجسٹرار نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر غلام عباس اور ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز پروفیسر ڈاکٹر محمد عباس نقوی بھی اس موقع پر وہاں موجود تھے۔