پشاور؛ نگران صوبائی کابینہ کا نواں اجلاس، اہم فیصلے کئے گئے

28

پشاور،30 اگست (اے پی پی):نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا نواں اجلاس سول سیکرٹریٹ پشاور کے کیبنٹ روم میں منعقد ہوا جس  میں نگران وزراء، مشیران، معاون خصوصی و دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

 محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ خیبر پختونخوا کے مطابق اجلاس کے ایجنڈے میں 7 نکات شامل تھے۔ کابینہ نے جانی خیل بنوں پولیس سٹیشن کے پی سی ون میں نظر ثانی ، پشاور میں فورینسک سائنس لیبارٹری کے قیام کے لئے سپلیمنٹری گرانٹ  اور انسداد دہشتگردی عدالتوں کے لئے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کی سفارش پر سینئر جج جسٹس اشتیاق ابراہیم خان کی بطور ایڈمنسٹریٹیو جج نامزدگی کی منظوری دی۔

  اجلاس میں  صوبائی محتسب آفس کے ملازمین کے سروس رولز 2023 کے لئے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کی سربراہی میں سب کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ صوبائی کابینہ نے ضلع کوہاٹ میں قائم کئے جانے والے ویمن اینڈ چلڈرن لیاقت میموریل ٹیچنگ ہسپتال کے پی سی ون میں نظر ثانی صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی (پی ڈی ڈبلیو پی) کو بھیجنے ، نیشنل پروگرام فار ایمپرومنٹ آف واٹر کورسز ان پاکستان فیز IIکے پی سی ون میں نظر ثانی پی ڈی ڈبلیو پی کو بھیجنے کا فیصلہ کیا۔

 نگران کابینہ نے سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں پولیس پبلک سکول کے اساتذہ کے کیس میں کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دی اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے نگران وزیر سید مسعود شاہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی۔