ڈیرہ غازی خان،30 اگست( اے پی پی): ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر)سجاد حسن خان سے گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن اورٹرانسپوٹرزکے وفد نے بدھ کو یہاں ریجنل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران ٹرانسپورٹرز نے شاہرات پر درپیش مسائل سے متعلق آگاہ کیا۔
اس موقع پرڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان حسن افضل ،ڈپٹی کمشنر مہرشاہدزمان اور دیگر افسران موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے شاہرات بلخصوص کوئٹہ روڈ پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کےلیے شاہرات کی مرمت کرانے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ٹرانسپوٹرز کے مسائل کو فوری حل کرنے کے لیے مکمل تعاون کی یقینی دہانی کرائی۔
ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے ٹرانسپوٹرز کو درپیش مسائل کی سماعت کی اور مسائل کے فوری حل کے لیئے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کو ہر پندرہ روز بعد ٹرانسپورٹرز حضرات سے میٹنگ کر کے مسائل دریافت کرنے کا حکم جاری کیا۔ان کا کہنا تھا کہ تمام ٹرانسپورٹر حضرات قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں، ٹرانسپوٹرز کو ناجائز تنگ کرنے اور کرپشن کی شکایت پرذمہ دار کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔