ڈیرہ غازی خان؛ یوم آزادی پر پرچم کشائی کی تقریب ، پولیس کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی

16

ڈیرہ غازی خان،14اگست (اے پی پی): ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں جشن آزادی کی تقریبات ملی جوش وجذبے سے جاری ہیں، دن کا آغاز نماز فجر کے بعد خصوصی دعاؤں سے ہوا، ڈویژن کی مرکزی پرچم کشائی کی تقریب کمشنر آفس میں ہوئی۔اس موقع پر کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک ،ڈی پی او حسن افضل کے ہمراہ پرچم کشائی کی۔پنجاب پولیس کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ زندہ قومیں یوم آزادی شایان شان سے مناتی ہیں اور 14 گست خوشی کے ساتھ تجدید عہد کا دن ہے۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے اقوال ایمان،اتحاد تنظیم کے عملی نمونہ بننا وقت کی ضرورت ہے۔قیام پاکستان سے ابتک کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور پاکستان کو ملی یک جہتی کی بہت ضرورت ہے۔

کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ استحکام پاکستان اور ملک کو ناقابل تسخیر بنانے کےلئے ایک قوم بننا ہوگا، یوم آزادی پر وسیع پیمانے پر شجر کاری کی جائے۔انہوں نے کہا کہ 14 اگست کو اپنے حصہ کا ضرور پودا لگائیں۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے کہا کہ آئیے آج ہم اس عہد کی تجدید کریں کہ اپنے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ہم پاکستان کی ترقی کے لیے ملکر کام کریں گے،اسی سے ہی ملک پاکستان ترقی کی تمام منازل طے کرے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او حسن افضل نے کہا کہ آزادی کی شمع روشن کرنے کے لیے لاکھوں مسلمانوں نے اپنا خون دیا اور ہم شہداء کا خون کبھی رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

تقریب میں صدر بار قیصر عباس خٹک،ڈویزنل،ضلعی افسران، علماء ملازمین،سول سوسائٹی ،تاجر برادری،وکلاء،میڈیا اور شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔