ڈیرہ  غازی خان میں کریک ڈاؤن،381 منشیات فروش گرفتار

43

ڈیرہ  غازی خان، 31 اگست(اے پی پی):ڈیرہ غازی خان پولیس نے کریک ڈاؤن کے دوران 381 منشیات فروش گرفتار، 206 کلوگرام چرس ،9 کلوگرام ہیروئن اور 9460  لیٹرسے زائد شراب برآمد کر لی۔ اس حوالے سے  اجلاس ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرڈیرہ غازی خان حسن افضل، ڈسٹرکٹ  پولیس آفیسر  مظفر گڑھ سید حسنین رضا، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر راجن پور کیپٹن (ر) دوست محمد اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لیہ اسد الرحمن نے شرکت کی ۔آر پی او نے  میٹنگ  کے دوران ریجن بھر میں منشیات کے خلاف جاری   کریک ڈاؤن اور مجموعی  کارکردگی کا جائزہ لیا۔اس موقع پر بتایا گیا کہ ریجن بھرمیں سات روز سے منشیات فروشان کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں اب تک 381 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے جیل بھجوایا گیا جبکہ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے  206 کلو سے زائد چرس ،9 کلوسے زائد ہیروئن اور 9460  لیٹرسے زائد شراب برآمدکرکے منشیات کےعادی 70 سے زائد افراد کو علاج معالجہ کےلیے ہسپتالوں میں داخل کرایا گیا ۔

آر پی او نے ضلعی سربراہان کو منشیات فروشان کے خلاف کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لانے  اور  سخت سے سخت ایکشن لینے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ اشتہاری مجرمان، عدالتی مفروران اور مفرور مجرمان کی گرفتاری کے سلسلے میں کارکردگی کو بہتر بنانے اور ناجائز اسلحہ،جوا اور بلانمبر ی وہیکلز کے خلاف  زیادہ سے زیادہ کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔ آر پی اونے مزید کہا کہ چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کیے جائیں۔