ڈی جی خان ؛سرکاری تعلیمی اداروں میں سہولیات کی فراہمی، اصلاحات اور بہتر درجہ بندی کے حوالے سے ڈی سی کی زیر صدارت اجلاس

11

ڈیرہ غازیخان،11 اگست (اے پی پی): سرکاری تعلیمی اداروں میں سہولیات کی فراہمی، اصلاحات اور بہتر درجہ بندی کے حوالے سے اجلاس ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک کی زیرصدارت منعقد ہوا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے کہاکہ وزیر اعلیٰ اور چیف سیکرٹری پنجاب شعبہ تعلیم میں انقلابی اقدامات کے خواہاں ہیں،حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق سرکاری سکولوں میں معیار تعلیم کو بہتر بنا رہے ہیں۔ سرکاری سکولوں کے فنڈز بہترین مقاصد کیلئے خرچ کئے جائیں اور تعطیلات کے اختتام سے قبل امپرومنٹ کے کاموں میں تیزی لائی جائے ، جن سہولیات کا فقدان ہے ان کی فراہمی ہر صورت پوری کی جائے اور انفراسٹرکچر کی بہتری،صفائی و ستھرائی کی باقاعدہ رپورٹ دی جائے،ایکشن پلان کے تحت سنجیدگی کیساتھ ورکنگ کو فوری یقینی بنایا جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ رینکنگ کی بہتری کیلئے تمام انڈیکیٹرز کی ضروریات کو پورا کیا جائے،ڈی ای اوز،ڈپٹی ڈی ای اوز،اے ای اوز سکولوں میں روزانہ کی پیشرفت بارے رپورٹ دیں، اچھے کام پرحوصلہ افزائی،ناقص کارکردگی پر سزا کا اصول اپنایا جائیگا اور سکولوں میں داخلوں کیلئے والدین سے رابطوں میں رہا جائے۔سرکاری سکولوں میں مون سون شجرکاری کیلئے ڈیمانڈ محکمہ جنگلات کو بھجوائی جائے،تمام معاملات میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد اسد چانڈیہ،سی ای او ایجوکیشن ادریس خان،ڈی ای اوز ریاض ملغانی،شہلا جبیں،خورشید قیصرانی،ڈی ڈی ای اوز اور مانیٹرنگ ایوائیلوایشن اسسٹنٹس نے شرکت کی۔