گوجرانوالہ، 30اگست(اے پی پی): فوڈ سیفٹی ٹیموں نے حافظ آبادٹھیلا روڈ اور کالیکی منڈی میں واقع سوڈا واٹر پلانٹ پر چھاپہ مارا اور قوانین کی خلاف ورزی پر سوڈا واٹر اور بیکری پروڈکشن یونٹ بند کر دیا، کارروائی کے دوران 60 لیٹر سے زائد ناقص سوڈا واٹر، 2 کلو زنگ آلود ڈھکن، ممنوعہ اجزاءتلف کر دئیے گئے ۔
اس حولاے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ استعمال شدہ بوتلیں اور ڈھکن دوبارہ استعمال کرنے پر کارروائی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ غیر فلٹرشدہ پانی سے بھی سوڈا واٹر تیار کیا جارہا تھا اورمصنوعی مٹھاس اور کھلے رنگوں کا استعمال بھی کیا جا رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ بیکری میں چیزوں کی تیاری میں ممنوعہ اجزاءکے استعمال پر یونٹ بند کر دیا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ خوراک میں غیر معیاری اجزاءکا استعمال پھیپھڑوں اور گردوں میں انفیکشن کا باعث بن سکتا، حفظانِ صحت اصولوں کی پاسداری نہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں صحت دشمن عناصر کیخلاف بلاتفریق کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔