لاہور، 28ستمبر(اے پی پی): آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان نے پنجاب پولیس کے سینئر افسران کے ہمراہ چین کے وو زی (Wuxi) پولیس ٹریننگ کالج کا دورہ کیا۔ آئی جی پنجاب نے وفد کے ہمراہ چینی پولیس ٹریننگ کالج کے سینئر افسران اور انسٹریکٹرز سے ملاقات کی۔ چینی حکام کی طرف سے پنجاب پولیس کو جدید پولیسنگ، ڈرون ٹیکنالوجی کی ٹریننگ کی فراہمی بارے اہم فیصلے کئے گئے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس اے ایس پیز کو آپریشنل و انوسٹی گیشن ٹریننگ کے لئے چین کے پولیس ٹریننگ کالج بھیجے گی۔ انہوں نے بتایا کہ چینی پولیس حکام نے پنجاب پولیس کو جدید ڈرون ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ چینی ماہرین نے آئی جی پنجاب اور وفد کے ارکان کو مختلف قسم کے ڈرونز کے استعمال کا عملی مظاہرہ دکھایا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ڈرون ٹیکنالوجی سے پولیس کی آپریشنل، تفتیشی، سرویلنس صلاحیتوں میں بہتری آئے گی، ڈرونز ٹیکنالوجی کے استعمال سے لا ءا ینڈ آرڈر صورتحال، ٹریفک مینجمنٹ اور کرائم کنٹرول کے عمل میں مانیٹرنگ و سرویلنس سسٹم بہتر ہو گا۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال دشوار گزار اور گنجان علاقوں میں مجرموں کے خلاف کارروائی میں مدد دے گا۔ انھوں نے کہا کہ جدید چینی ڈرون ٹیکنالوجی اور ٹریننگ موثر پولیسنگ کی طرف اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔
ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ڈرون ٹیکنالوجی سے پولیس کے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشنز میں بھی خاطر خواہ بہتری آئے گی۔ ڈرون ٹیکنالوجی ہجوم کنٹرول، ویپن ہینڈلنگ، چہرہ شناخت سسٹم سے ملزمان گرفتاری،کچہ کے علاقہ میں شرپسندوں کے خلاف استعمال میں لائی جائے گی۔
چینی پولیس ٹریننگ کالج کے سربراہ اور انسٹرکٹرز کی طرف سے آئی جی پنجاب کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔