بدین؛جنرل الیکشن کی تیاریاں،ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اہم اجلاس کا انعقاد

0

بدین،19 ستمبر(اے پی پی): جنرل الیکشن کی تیاری کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر بدین عبدالفتاح ہلیو کی زیر صدارت کمیٹی روم میں اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بدین میں 7 سو پولنگ اسٹیشن قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز ،ڈی او ایجوکیشن اور ایجوکیشن ورکس سمیت متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تحصیلوں میں مذکورہ پولنگ اسٹیشنز کے دورے کر کے تفصیلات اکٹھی کریں کہ کونسے پولنگ اسٹیشنز میں بجلی، پانی اور بنیادی سہولیات کی ضرورت ہے تاکہ مطلوبہ سہولیات فراہم کی جا سکیں، اس سلسلے میں تمام معلومات روزانہ کی بنیاد پر دی جائیں۔ انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تحصیلوں میں محکمہ تعلیم اور ایجوکیشن ورکس کے ساتھ اجلاس منعقد کریں۔

 اجلاس میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر بدین محمد حنیف ،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر سیکنڈری اللہ ڈنو ملاح، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر پرائمری محمد صالح کوریجو، اسسٹنٹ کمشنر بدین رابیہ سید، اسسٹنٹ کمشنر شہید فاضل راہو، محمد فہد میر اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈو باگو، ثناءاللہ صدر اسسٹنٹ کمشنر تلہار عبدالمنان بھٹو اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔