اسلام آباد، 27ستمبر(اے پی پی ): سیاحت کا عالمی دن دنیا بھر میں 27 ستمبر کو منایا جاتا ہے، یہ دن ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن کی ایگزیکٹیو کونسل کی سفارشات پر اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی قرارداد کے مطابق 1970ء سے منایا جا رہا ہے، اس دن کا مقصد سیاحت کی سماجی ،ثقافتی اور معاشی اہمیت کے بارے میں آگاہی دینا ہے،پاکستان میں بھی اس دن کو بھرپور طریقے سے منایا جاتا ہے اور مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
اس حوالے سے پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب الرحمان رانا نے کہا کہ پاکستان سیاحت کے اعتبار سے بہت ہی مختلف ملک ہے ، یہاں آپ کو ہر طرح کی خوبصورتی دیکھنے کو ملتی ہے اور 2 ہزار سال پرانی ثقافت کو بھی دیکھنے اور جانے کا موقع ملتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں سیاحت کے شعبے کو ترقی دینے کیلئے مختلف اقدامات اٹھا رہی ہے اور غیر ملکی سیاخوں کو خصوصی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں ۔