لاہور،19ستمبر( اے پی پی ): سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سمیرا سمد کی زیرصدارت خواتین کے خلاف تشدد کی روک تھام کے حوالے سے سٹیئرنگ کمیٹی کااہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں خواتین کے خلاف تشدد بارے اقدامات کی نگرانی اور رہنمائی فراہم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیااورخواتین کے خلاف تشدد کی روک تھام، تحفظ اور انصاف کی فراہمی سے متعلقہ قوانین کا نفاذ بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل تھے۔
سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سمیرا اصمد نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے لیے سرگرم افراد خواتین کے خلاف تشدد کے اہم مسئلے کو حل کرنے کے عزم میں حکومت کا ساتھ دیں۔ خواتین کے خلاف تشدد ایک ایسا مسئلہ ہے جو ہمارے معاشرے کے تانے بانے کو متاثر کرتا ہے، اس کے خاتمے کے لیے ہمیں متحد ہونا چاہیے،لہٰذا حکومت پنجاب کا عزم ہے کہ ایسا ماحول بنائیں جس میں خواتین خوف اور تشدد سے آزاد زندگی گزار سکیں۔
اس موقع پر سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سمیرا اصمد نے مزید کہا کہ ایسی پالیسیاں اور پروگرام بنا رہے ہیں جو خواتین کے حقوق اور وقار کا تحفظ کریں۔