پشین، 25 ستمبر(اے پی پی):منصور فاؤنڈیشن کی جانب سے پشین میں معذوروں میں مفت ویل چیئر تقسیم کیے گئے۔اس موقع پر منصور فاؤنڈیشن صدر حسن اچکزئی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ معذور افراد کی عزت کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے معذوروں کو بھی صحت مند انسانوں کی طرح خوش وہ خرم زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔
انہوں نے کہاکہ منصور فاؤنڈیشن دکھی انسانیت کی خاطر معاشرے میں موجود ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے دکھی انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے،معذوری اللہ تعالی کی طرف سے ایک امتحان ہے اور کہاکہ خدمت میں جو سکون ملتا ہے وہ کسی اور کام میں نہیں ملتا ہے۔
محمد انور طوفانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ خدمت کے جذبے سے سرشار لوگ معاشرے کا اثاثہ ہیں،ہمارا مذہب اسلام ہمیں غرباء اور یتیموں کی مدد اور تعاون کا درس دیتا ہے اور کہا کہ منصور فاؤنڈیشن کے صدرحسن اچکزئی کی خدمات لائق تحسین ہیں۔
ویل چیئر ملنے پر معذوروں نے منصور فاؤنڈیشن صدر حسن اچکزئی کا شکریہ ادا کیا۔