نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی کی  ژوب میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت

11

اسلام آباد،29ستمبر  (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے  ژوب میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ  ارض پاک پر موجود ایک ایک دہشت گرد اور ملک دشمن کا صفایا کریں گے،دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں پاکستان میں  امن اور خوشحالی کو سبوتاژ نہیں کرسکتیں۔

جمعہ کو اپنے  ویڈیو پیغام میں   نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کی افغانستان سے پاکستان داخلے کی کوشش ناکام بنا دی،پاک فوج نے جوابی کارروائی میں 3دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا ۔ انہوں نے کہاکہ سکیورٹی فورسز کے جذبہ حب الوطنی کو پوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے ،پاکستانی قوم اپنے فوجی جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے  ۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ارض پاک پر موجود ایک ایک دہشت گرد اور ملک دشمن کا صفایا کریں گے،دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں پاکستان میں  امن اور خوشحالی کو سبوتاژ نہیں کرسکتیں۔انہوں نے   شہید ہونے والے جوانوں کے بلند درجات کیلئے دعا اورلواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار  کیا ۔