اسلام آباد،19ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے سیاحت وصی شاہ نے ویلہیم اسٹینڈل کے بے لوث عزم کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ “جس چیز نے مجھے واقعی حیران اور متاثر کیا وہ پاکستانی نہ ہونے کے باوجود مسٹر ولی کی محمد حسن اور ان کے خاندان کے لیے بے لوث لگن تھی اور انہوں نے ایک ایسے وقت میں ٹھوس اقدامات کیے تھے جب بہت سے لوگ اپنے مفادات کا شکار ہوتے ہیں، مسٹر ولی جیسے لوگ انسانیت پر میرے ایمان کی تصدیق کرتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کواپنے آفس میں آسٹریا کے کوہ پیما ولہیم اسٹینڈل کے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا مقصد آسٹریا کے کوہ پیما ولہیم سٹینڈل کی قابل تعریف کاوشوں کا اعتراف اور ان کو پاکستانی عوام کی جانب سے خراج تحسین پیش کرناتھا۔
تقریب میں آسٹرین کوہ پیما کے علاوہ آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف، سفیر کی شریک حیات مسزز ترانہ فرہادوف، ڈاکٹر ہینس میکور، چارج ڈی افیئرز آسٹریااور منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی آفتاب الرحمن رانا بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے سیاحت، وصی شاہ نے ولہیم سٹینڈل کے بے لوث عزم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ “جس چیز نے مجھے واقعی حیران اور متاثر کیا وہ پاکستانی نہ ہونے کے باوجود مسٹر ولی کی محمد حسن اور ان کے خاندان کے لیے بے لوث لگن تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے وقت میں جب بہت سے لوگ اپنے مفادات کا شکار ہو رہے ہیں، مسٹر ولی جیسے لوگ انسانیت پر میرے ایمان کی تصدیق کرتے ہیں۔”تاہم، ان کوششوں کے باوجود، میرا دل بھاری ہے کیونکہ میری وزارت وہ سب کچھ نہیں کر سکی جو محمد حسن اور اس کے خاندان کے لیےکرنا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے پورٹرز کے لیے کوئی باقاعدہ انتظام نہیں تھا تاہم وزارت سیاحت کا چارج سنبھالنے کے بعد پی ٹی ڈی سی، مسٹر ولی اور گلگت بلتستان یونیورسٹی کے مکمل تعاون سے پورٹرز کی تربیتی مرکز کے قیام میں اہم پیش رفت ہوئی۔
وزیر مملکت نے کہا کہ پہلے، حادثات کی صورت میں پورٹرز کی انشورنس کا کوئی انتظام نہیں تھا، جس کی وجہ سے محمد حسن جیسے خاندانوں کو بغیر کسی مالی امداد کے چھوڑ دیا جاتا تھا تاہم اسلام آباد اور اسکردو میں اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ وسیع ملاقاتوں کے بعد حکومت نے پورٹرز کے لئے کم از کم 30 لاکھ کی انشورنس کوریج پر اتفاق کیا لیکن وہ اب بھی اسے 50 لاکھ تک بڑھانے کے لیے کام کر ہے ہیں۔
انہوں نے ہر پاکستانی کی طرف سے مسٹر ولی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ “آپ کے اقدامات اس بات کی بہترین مثال ہیں کہ جب انسان ایک مشترکہ مقصد کے لیے اکٹھے ہوتے ہیں تو وہ کیا کچھ حاصل کر سکتے ہیں”۔
ولہیم سٹینڈل نے وزیر سیاحت وصی شاہ کا پاکستان میں پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اورمحمد حسن کے خاندان کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے مستقبل قریب میں پورٹرز کے لیے ایک اسکول قائم کرنے کے اپنے منصوبے کا اعلان بھی کیا۔