گوجرانوالہ؛ سیف فوڈ سٹی پراجیکٹ کی آگاہی کے لیے مقامی ہوٹل میں سیمینار کا انعقاد

1

گوجرانوالہ،19ستمبر(اے پی پی ):سیف فوڈ سٹی پراجیکٹ کی آگاہی کے لیے مقامی ہوٹل میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا ،جس میں ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل، ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز گوجرانوالہ گجرات ڈویژنز سجاد گوندل نےخصوصی شرکت کی ۔

سیمینار سے خطاب میں ڈپٹی کمشنر  فیاض احمد موہل نے کہا کہ  سیف فوڈ سٹی کے تحت گوجرانوالہ کو37 زونز  میں تقسیم کر کے محفوظ خوراک کی فراہمی بناٸی جاٸے گی۔انہوں نے بتایا کہ  ان زونز میں ٹوٹل فوڈ بزنس آپریٹرز 1700ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملاوٹ کے خاتمے میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کا بہترین اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ فوڈ اتھارٹی کی ہر طرح کی معاونت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ محفوظ خوراک کی فراہمی سے ہی ایک محفوظ  معاشرہ تشکیل پاتا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محفوظ خوراک کی فراہمی کی تکمیل معاشرے کا اہم ترین پہلوہے، خالق کی رضا اس مخلوق کی رضا اور فلاح میں ہے۔انہوں نے   کہا کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف مہم جہاد ہے اور اس میں ضلعی انتظامیہ مکمل ساتھ دیگی اور سیوریج زدہ پانی سے فصلوں کی تیاری کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لائی جائے گی۔

 ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ مہذب معاشروں میں ملاوٹ کا تصور بھی محال ہے، ملاوٹ کرنے والے افراد کا معاشی اور معاشرتی بائیکاٹ کریں اور شہری اپنے حق کے حصول کے لئے متعلقہ فورم سے لازم رجوع کریں۔ انہوں نے کہا کہ  انرجی ڈرنکس کا غیر ضروری استعمال، مضر صحت، غیر معیاری اشیاء خوردونوش کے خلاف مہم کا حصہ ہر شہری بنے،  عوامی آگاہی ایک مرحلہ وار تبدیلی کا عمل ہے جس سے بہتری آئے گی، تعلیمی اداروں میں بھرپور آگاہی مہم کا آغاز کیا جائے، ضلعی انتظامیہ مکمل معاونت فراہم کرے گی، اس سلسلہ میں طلبہ، اساتذہ، میڈیا اور سول سوسائٹی کو اس مہم کا حصہ بنائیں۔انہوں نے اپنے ماتحت سے کہا کہ مثبت سوچ کے حامل افراد کو اس مہم کا حصہ بنائیں، اور شہری ملاوٹ  سےمتعلق فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر فوری رابطہ کریں۔

ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے کہا کہ ایمانداری سے کام انجام دینا بھی عبادت ہے، نیک اور ناپ تول میں اچھا تاجر آخرت میں شہداء کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔