گوجرانوالہ،25 ستمبر(اے پی پی): پاور ڈویژن کی ہدایت پر گیپکو کا ریجن بھر میں بجلی چوروں اور نادہندگان کیخلاف بھرپور کریک ڈاون جاری ہے۔ پولیس سکیورٹی میں تین ہفتوں سے شروع ہونے والے آپریشن کے دوران گیپکو سرویلنس ٹیموں کی ڈے اینڈ نائٹ کامیاب کارروائیوں کے نتیجہ میں گیپکو ڈویژن نوشہرہ ورکاں کی چاروں سب ڈویژنوں میں اب تک 64 کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پکڑے گئے، جن میں زمیندار بھی زرعی کنکشنوں پر کنڈے لگا کر بجلی چوری کرتے پائے گئے اور بجلی چوری میں ملوث افراد کے کنکشنز منقطع کر کے ایف آئی آر کے اندراج کیلئے درخواستیں دینے اور مقدمات کے اندراج کے ساتھ ساتھ بھاری جرمانے بھی عائد کیے جا رہے ہیں۔
بجلی چوری میں پکڑے جانے والے صارفین کو تقریبا ًدو لاکھ یونٹس کے ڈیٹی کیشن بل تقریبا ً 57 لاکھ کے جاری کر دیئے گئے ہیں اور 21 لاکھ کے قریب ریکوری کی گئی ہے اور مزید ریکوری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
گیپکو چیف گوجرانوالہ کی ہدایت پر بجلی چورورں کے ساتھ ساتھ ریجن بھر میں گیپکو نادہندگان کے خلاف بھی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے،ایک لاکھ روپے سے زائد کے عادی اور بڑے نادہندگان کی لسٹیں ریکوری تحصیلداروں کو جاری کر دی گئی ہیں اور بجلی چور اوربلوں کے واجبات ادا نہ کرنے والے دونوں ہی ملکی معیشت کیلئے دیمک کی طرح ہیں اور ایکسین گیپکو ڈویژن نوشہرہ ورکاں محسن علی نے ایس ڈی اوز کی میٹنگ میں کہنا تھا کہ گیپکو نے صارفین کو ہمیشہ بہتر سروس اور انکے مسائل کی طرف توجہ دی ہے۔