اسلام آباد،21ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ ارشد ندیم نےاپنی بے مثال کارکردگی کی بدولت پاکستان کا نام روشن کیا ہے، آپ جیسے لوگ پاکستان کا فخر اور قومی ہیرو ہیں، کھیلوں کے فروغ کےلیے ٹیلنٹ کو نکھارنے کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے ایتھلیٹ ارشد ندیم سے گفتگوکرتےہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے حالیہ ورلڈ ایتھلیٹیکس چیمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیتنے پر ارشد ندیم کو 10 لاکھ روپے کا چیک بطور انعام پیش کیا۔ سلور میڈل جیتنے پر چیئرمین سینیٹ نے ان کیلئے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا تھا۔ملاقات میں سینیٹر اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔ سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے بھی اولپمیئن اور ایتھلیٹ ارشد ندیم کی کارکردگی کو سراہا اور ان کو مبارکباد دی۔چیئرمین سینیٹ نے اولمپکس اور حالیہ ورلڈ ایتھلیٹیکس چیمپئن شپ میں ارشد ندیم کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے ارشد ندیم کو ورلڈ ایتھلیٹیکس چیمپئن شپ میں سلور میڈل جیتنے پر مبارکباد دی اور کہاکہ آپ نے اپنی بے مثال کارکردگی کی بدولت پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ آپ جیسے لوگ پاکستان کا فخر، قومی ہیرو ہیں۔اپنی محنت جاری رکھیں اور پاکستان کا نام روشن کریں، ہم آپکی معاونت کیلئے تیار ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے ارشد ندیم کو برینڈ ایمبسیڈر بنانے اور ان کی سپانسر شپ کیلئے نجی شعبے سے بات کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ کھیلوں کے فروغ کےلیے ٹیلنٹ کو نکھارنے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر ارشد ندیم نے اس مقام تک پہنچنے کیلئے اپنی جدوجہد بارے چیئرمین سینیٹ کو آگاہ کیا۔ ارشد ندیم نے چیئرمین سینیٹ کی حوصلہ افزائی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے بھی اولپمئین اور ایتھلیٹ ارشد ندیم کی کارکردگی کو سراہا اور ان کو مبارکباد دی۔