بورے والا،18 ستمبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر سید آصف حسین شاہ نے ٹی ایچ کیو ہسپتال میں جدید سہولتوں سے آراستہ پیڈز وارڈ کے توسیعی منصوبے کا افتتاح کردیا،وارڈ میں انکیوبیٹر کی تعداد میں تین گنا اضافہ، وارڈ میں نومولود بچوں کو علاج و معالجہ کی جدید سہولیات میسر ہونگی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سید آصف حسین شاہ نے کہا کہ جہاں حکومت عوام کو علاج و معالجہ کی جدید سہولیات فراہم کررہی ہے، وہاں مخیر حضرات کا تعاون بھی قابل ستائش ہے، ٹی ایچ کیو کی سطح پر اسسٹنٹ کمشنر عبدالباسط صدیقی اور ایم ایس ڈاکٹر عمران بھٹی کی خصوصی دلچسپی سے نومولود بچوں کو علاج و معالجہ کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے یہ منصوبہ اپنی نوعیت کا ایک منفرد منصوبہ ہے جہاں پیدائش کے فوری بعد بچوں کے درپیش امراض کے علاج و معالجہ کی جدید ترین سہولیات میسر ہونگی ۔ بچوں کو پرائیویٹ ہسپتالوں یا دوسرے شہروں کے بڑے ہسپتالوں میں لے جانے کی بجائے مقامی سطح پر تمام سہولتیں میسر ہونگی حکومت کا مقصد عوام کو مقامی سطح پر صحت کی تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
ڈپٹی کمشنر سید آصف حسین شاہ نے ہسپتال کے گائنی وارڈ کی آپ گریڈیشن کے منصوبے کے علاوہ ایمرجنسی وارڈ سمیت دیگر شعبوں میں دی جانے والی سہولیات کا بھی جائزہ لیا ۔
افتتاح کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر و ایم ایس ٹی ایچ کیو ڈاکٹر عمران بھٹی کے علاوہ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر صدیق احمد بلوچ، سول سوسائٹی نیٹ ورک کے پیٹرن انچیف شیخ شہزاد مبین ، ایس ڈی او بلڈنگ چوہدری منیر احمد،ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد مسعود،انجمن تاجران کے عثمان جمیل بھٹی اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔