بھکر،29ستمبر(اے پی پی):عید میلادالنبی محمد مصطفٰی ﷺ کے موقع پر سیکرٹری ایمرجنسی سروسز/ڈائریکٹر جنرل ریسکیو پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایت پر ریسکیو 1122 کا عملہ ضلع بھر میں ہائی الرٹ ہو کر اپنے فرائض سرانجام دے رہا ہے ۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرمحمد عبید اللہ خان نے کہا کہ ریسکیو بلڈنگ کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے ، ریسکیو اہلکار ایمرجنسی کور پلان کیساتھ روزمرہ کی ایمرجنسیز، پیشنٹ ٹرانسفر سروس میں بھی بلا تعطل ریسکیو سروسز فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں تمام بڑے جلوسوں کے ہمراہ ریسکیو عملہ اپنے فرائض سر انجام دینے پر معمور رہے گا،ایمرجنسی کور پلان کے مطابق مختلف جلوسوں میں تمام ریسکیو اہلکار اور انچارجز اپنے فرائض سر انجام دیں گے،شہری کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری امدادی ہیلپ لائن 1122 ڈائل کریں،کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طبی امداد کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔