بھکو؛ بجلی چوری کرنیوالے عناصر کا کڑا محاسبہ یقینی بنایا جائے گا، ڈپٹی کمشنر

18

بھکر،21ستمبر(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان  نے کہا ہے کہ بجلی چوری کرنیوالے عناصر کا کڑا محاسبہ یقینی بنایا جائے گا، حکومتی ہدایات کیمطابق ضلعی انتظامیہ اور بھکر پولیس کی جانب سے بجلی چوری کر نیوالوں کے خلاف کی جانیوالی قانونی کارروائیوں میں واپڈا حکام کا بھرپور ساتھ دیا جارہا ہے۔

یہ بات ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے بجلی چوری کی روک تھام کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔اجلاس میں اے ڈی سی ریونیو سید ظفر حسن نقوی ،اے ڈی سی جی عباس رضا ناصر ،اسسٹنٹ کمشنرز ، ڈی ایس پی لیگل جاوید اقبال جسرا،ایکسئن فیسکو بھکر اور ایکسئین فیسکو دریا خان نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کو دی گئی بریفنگ میں اب تک کی کارروائیوں کے حوالہ سے بتایا گیا کہ ضلع میں مجموعی طور پر بجلی چوروں کے خلاف 152 ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں اور 46 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے اس سلسلہ میں بجلی چور عناصر سے مجموعی طور پر 30 فیصد ریکوری بھی حاصل کی جاچکی ہے اس ضمن میں مزید کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے کہا کہ بجلی چوری کے خلاف جاری کارروائیوں میں ضلعی انتظامیہ فیلڈ ٹیموں کو ہر ممکن معاونت فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں کے ساتھ ہرگز رو رعایت نہ برتی جائے۔

اجلاس کے دوران ڈی ایس پی لیگل جاوید اقبال جسرا نےکہا کہ متعلقہ ڈی ایس پیز اور تھانوں کے ایس ایچ اوز  بجلی چوری کر نیوالوں کے خلاف موثر قانونی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں اور  واپڈا حکا م کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر بجلی چوروں کے خلاف فوری طور پر ایف آئی آرز کا اندراج یقینی بنایا جارہا ہے۔