حکومت پنجاب کسانوں کو ریلیف دینے بارے اقدامات کررہی ہے؛کمشنر ملتان

21

ملتان ،19 ستمبر(اے پی پی ):کمشنر انجینئر عامر خٹک نے کہا ہے کہ کسان کی روزی روٹی زمین سے جڑی ہے، اس کی داد رسی ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا حکومت پنجاب کسانوں کو ریلیف دینے بارے اقدامات کررہی ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے کپاس کی کاشت و فصل بارے زیر صدارت جائزہ اجلاس میں کیا۔کمشنر نے کہا کہ اس وقت کپاس کی فصل انتہائی نگہداشت کے مرحلے میں ہے، اور سفید مکھی، سبز تیلے تھرپس اور جڑی بوٹیوں پر خصوصی نظر رکھی جائے۔انہوں نے کہا پیسٹ سکاؤٹنگ،سرویلنس میں تیزی،ضرر رساں کیڑوں کے حملے کو بروقت کنٹرول کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ جن علاقوں پر زرعی کیٹروں کا حملہ ہوچکا ہے ان پر سپرے کیا جائے اور ڈویزن میں کپاس کی فصل کیلئے وافر پانی مہیا کیا گیا ہے۔

 ڈائیریکٹر زراعت شہزاد صابر نے کپاس کی فصل بارے تفصیلی بریفنگ دی  اور ڈویزن میں قائم 13 کسان سہولت سنٹروں پر 14041 لیٹر زرعی ادویات میسر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ابتک8312 افراد2کروڑ27 لاکھ93 ہزار2سو65 روپے کی 41794 لیٹر زرعی ادویات خرید چکے ہیں اور کہا 1076259 گانٹھ منڈی میں، 776835 گانٹھ فیکٹریوں کو، 299424 گانٹھ ڈویزن سے باہر سپلائی کی جاچکی ہیں۔انہوں نے کہا حالیہ سیلاب سے ڈویژن میں 35634 ایکٹر پر کاشت کپاس کی فصل متاثر ہوئی ہے۔

 اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر سرفراز احمد، ڈائیریکٹر ڈویلپمنٹ روبینہ کوثر موجود تھی اور اسسٹنٹ کمشنرز، متعلقہ محکموں کے افسران ، ویڈیو لنک پر ڈپٹی کمشنرز موجود تھے۔