خدمت خلق فاؤنڈیشن انٹرنیشنل  کا مقصد نوجوانوں کو اچھے اور روشن مستقبل کے لیے تیار کرنا ہے؛نعمت اللہ ظہیر

66

پشین،18 ستمبر(اے پی پی):ممتاز عالمی شہرت یافتہ سماجی شخصیت، چیئرمین خدمت خلق فاؤنڈیشن انٹرنیشنل  نعمت اللہ ظہیر   نے کہا ہے   کہ فاؤنڈیشن کا اولین مقصد نوجوانوں کو اچھے اور روشن مستقبل کے لیے تیار کرنا ہے، یہی نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں، انہی نوجوانوں نے کل ملک وقوم کی باگ دوڑ سنبھالنی ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشین ” کلی ایکلزئی میں آل بلوچستان حاجی فیض اللہ خان عرف باچا فٹبال ٹورنامنٹ” کے اختتامی فائنل میچ کے موقع پر تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین نعمت اللہ ظہیر نے اس موقع پر 10 ہزار نقد کا اعلان کیا اور آئندہ بھی مختلف کھیلوں کے ٹورنامنٹس کے انعقاد میں ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔

 اس موقع پر چیئرمین نعمت اللہ ظہیر نے اختتامی میچ کے موقع پر موجود شائقین کی بڑی تعداد اور کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشین میرا گھر میرا ،علاقہ اور میرا سب کچھ ہے، یہاں کی خدمت مجھ پر فرض ہے اور مجھے خوشی اس بات کی ہے کہ پشین کھیلوں کے حوالے سے صوبے کے تمام علاقوں سے آگے اور فعال ہے،یہاں کے نوجوانوں میں بھرپور صلاحیتیں موجود ہیں ، جنہیں اجاگر کرنے اور سرپرستی کی ضرورت ہے  جس کے لیے خدمت خلق فاؤنڈیشن انٹرنیشنل اپنے دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے ہر طرح سے تیار ہے ۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی بھی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنی تعلیم اور جسمانی و ذہنی نشونما و تربیت پر توجہ دیں اور معاشرتی برائیوں سے دور رہیں۔

اس موقع پر ٹورنامنٹ کے مہمانان خاص میں بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما عصمت اللہ ترین، میونسپل کمیٹی سارنان کے چیئرمین حاجی حفیظ اغا، ڈپٹی چیئرمین ساجد ترین، ملک عیسی خان، علاقائی اسپورٹس کمیٹی کے صدر فضل محمد کاکڑ بھی موجود تھے۔