جوہرآباد،18ستمبر ( اے پی پی):خوشاب میں نئے تعینات ہونے والے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر توقیر محمد نعیم نے کہا ہے ضلعی پولیس میں سزا اور جزا کاعمل ساتھ ساتھ جاری رہےگا، سفارش اور بدمعاشی کلچر کا خاتمہ اور عوام میں احساس تحفظ پیدا کرنا ان کی اولین ترجیحات ہیں۔
وہ ڈسٹرکٹ پریس کلب جوہرآباد اور ڈسٹرکٹ الیکٹرانک میڈیا کلب خوشاب کے عہدیداران و ممبران سے تعارفی ملاقات اظہار خیال کر رہے تھے۔ اس موقع پر صحافیوں نےضلع بھر میں آئے روز بڑھتے ہوئے جرائم کی روک تھام کے لئے خصوصی توجہ دلائی۔
ڈی پی او توقیر محمد نعیم نے کہا کہ آپ صحافی ایک عظیم شعبہ سے منسلک ہیں اور اگر آپ اپنے اس شعبہ میں مثبت انداز میں کام کریں، مظلوموں کی آواز بلند کریں اور معاشرے میں موجود خامیوں کو اجاگر کریں تو آپ کی آواز میں طاقت بھی ہوگی اور آپ علاقے میں مثبت تبدیلی بھی لاسکیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میری پہلی ترجیح خوشاب کے عوام میں احساس تحفظ کو بحال کرنا ہے،کسی بھی فرد یا گروہ کو عوام کے لیے خوف کی علامت نہیں بننے دیا جائے گا،جرائم کی روک تھام کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا، منشیات اور غیر قانونی اسلحہ کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے اور یہ کہ اس کے اختتام تک بھرپور قوت کے ساتھ جاری رہے گا، میرے دفتر کےدروازے عوام کے لیے ہر وقت اور ہمیشہ کھلے ہیں۔
ڈی پی او توقیر محمد نعیم نے کہا کہ ماضی کی طرح مقدمات کے اندراج مین رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی، ایف ائی آر درج کرنا متاثرہ شخص کا حق ہے۔انہوں نے کہا کسی گروہ، گروپ یا شخصیت کو خوف کی علامت نہیں بننے دیا جائےگا۔