سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام و بخاری ماڈل سکول میں یوم دفاع کے موقع پر تقریب کا انعقاد

20

حیدر آباد، 6 ستمبر (اے پی پی):سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام اور بخاری ماڈل ہائی سکول میں یوم دفاع کے موقع پر ڈاکٹر اے ایم شیخ آڈیٹوریم ہال میں تقریب کا انعقاد ہوا۔ جس میں سندھ زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری مہمان خصوصی تھے۔ تقریب کے دوران سکول کے طلبہ نے یوم دفاع کے حوالے سے انگریزی، اردو اور سندھی میں تقاریر اور مختلف ٹیبلوزاور قومی نغمے پیش کئے۔

 اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھ زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے کہا کہ پاکستان ہمارے لیے خدا کی طرف سے ایک نعمت ہے۔ ہمیں ملک کے دفاع کیلئے اپنی افواج پر فخر ہے، جن کی قربانیوں سے ہماری سرحدیں اور ہمارے گھر محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا آبادی کے لحاظ سے خطے کے سب سے بڑے ممالک میں شمار ہوتا ہے لیکن کشمیریوں کے ساتھ بھارت کے غیر انسانی سلوک کی وجہ سے پاکستان اور کئی ممالک کے لیے کشیدگی کا باعث بنا ہوا ہے، زراعت ملکی ترقی کا بنیادی ذریعہ ہے، نوجوانوں کو معاشی بہتری کے لیے سخت محنت کرنی ہوگی، ملک کے محافظ ہمارے ہیرو ہیں، انہیں یاد رکھنا ہمارا فرض ہے۔

تقریب میں ڈاکٹر محمود الحسن مغل، جام غلام مرتضیٰ سہتو نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر فیکلٹی ڈین ڈاکٹر سید غیاث الدین شاہ راشدی، رجسٹرار غلام محی الدین قریشی، ڈاکٹر محمد اسماعیل کنبھر، ڈائریکٹر فنانس انیل کمار، ڈاکٹر عرفان گلال اور دیگر بھی موجود تھے۔