سکھر؛جشن عید میلاد النبی ﷺمذہبی جوش و جذبے کیساتھ منایا جارہا ، سیکورٹی کے سخت انتظامات

24

سکھر،29ستمبر(اے پی پی):ملک کے دیگر شہروں کی طرح سکھر میں بھی جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم مذہبی جوش و جذبے کیساتھ منایا جا رہا ہے، جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں مرکزی جلوس سکھر کے علاقے شیخ شہین روڈ سے سے نکالاگیا، جس کی قیادت ممتاز عالم دین مفتی محمد ابراہیم قادری ،مفتی عارف سعیدی ،صاحبزادہ حامد محمود فیضی ، مفتی ساجد سعیدی سمیت دیگر علماءکرام کررہے تھے۔

 مرکزی جلوس میں کاریں ، موٹر سائیکلیں ، سوزوکیاں ، ویگنیں ، مزدا و دیگر گاڑیاں شامل تھیں جن پر بچے و بوڑھے سوار تھے اور ان کے ہاتھوں میں گنبد خضراءکا سبز ہلالی پرچم تھا جبکہ فضاءشرکاءجلوس کی جانب سے سرکار کی آمد مرحبا، آقا کی آمد مرحبا ، مرحبا یا مصطفیٰ ﷺ کے فلگ شگاف نعروں سے گونج رہی تھی، گھنٹہ گھر چوک پر میلاد کونسل کی جانب سے مرکزی جلوس کے لئے استقبالیہ کیمپ لگایا گیا اور میلاد کونسل سکھر کے عہدے داروں و اراکین و شرکاءنے جلوس و مرکزی قائدین کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

جلوس کے اختتام پر علماءکرام نے اپنے خطابات میں کہا کہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم عیدوں کی عید اور رحمت و برکت کا ذریعہ ہے، مسلمان اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا میلاد منا کر اللہ تعالی کے احسان کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور دنیا کو بتاتے ہیں کہ ہم اپنے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اتنی محبت کرتے ہیں۔بعد ازیں خطابات میں علماءکرام نے ملکی سلامتی ، خوشحالی و استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔

پولیس و رینجرزکی بھاری جمعیت جلوس کے ہمراہ اوراس کی گزرگاہوں اور راستوں پر تعینات کی گئی تھی۔