سیکرٹری جنرل او آئی سی حسین ابراہیم طہٰ سے پاکستانی سفیر سید محمد فواد شیرکی ملاقات، مختلف امور پر تبادلہ خیال

10

 

جدہ، 12 ستمبر ( اےپی پی): اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ سےاوآئی سی  میں   پاکستان کے مستقل سفیر سید محمد فواد شیر نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سفیر اور سیکرٹری جنرل نے آئندہ او آئی سی کے سالانہ رابطہ اجلاس  اور اسلامی سربراہی اجلاس کے دوران بحث کے لیے پیش کردہ امور پر تبادلہ خیال کیا جن میں دیگر امور کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر کا تنازعہ، فلسطین، افغانستان، قرآن پاک کی بے حرمتی ،اسلاموفوبیا کے واقعات اور کامسٹیک اسلام آباد (او آئی سی کی سائنسی اور تکنیکی تعاون کی وزارتی قائمہ کمیٹی) وغیرہ شامل ہیں ۔

سفیر سید محمد فواد شیر نے کہا  کہ پاکستان نے ایک مضبوط پوزیشن برقرار رکھی ہے اور روایتی طور پر تمام اہم معاملات پر او آئی سی کے ردعمل کو چلانے میں فعال کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے مسئلہ جموں و کشمیر کے لیے او آئی سی کی غیر متزلزل حمایت پر سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا اور اسلام آباد میں وزرائے خارجہ کی کونسل کے 48ویں اجلاس میں منظور کیے گئے جموں و کشمیر پر او آئی سی پلان آف ایکشن پر مکمل عمل درآمد پر زور دیا۔

اسلامو فوبیا اور قرآن پاک کی بے حرمتی کے بار بار ہونے والے واقعات پر انہوں نے پاکستان کی جانب سے ان مذموم واقعات کی شدید مذمت کا اعادہ کیا۔

سیکرٹری جنرل نے او آئی سی کے ساتھ پاکستان کی مضبوط شمولیت اور مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں اس کی موثر شرکت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی امت کے اجتماعی تشویش کے مسائل پر پاکستان کے تعاون کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

او آئی سی کا سالانہ رابطہ اجلاس   ستمبر 2023 کو نیویارک میں اقوام  متحدہ کی جنرل اسمبلی  کے 78ویں اجلاس کے موقع پر منعقد ہوگا۔ اجلاس میں او آئی سی کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔ اے سی ایم جموں و کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ کی میٹنگ سمیت دیگر تقریبات کا بھی مشاہدہ کریں گے۔ اسلامی سربراہی اجلاس 16-17 دسمبر 2023 کو بنجول، گیمبیا میں منعقد ہونے والا ہے اور اس سے قبل او آئی سی کونسل کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ عہدیداروں کے اجلاس ہوں گے۔