فیصل آباد؛سمگلنگ کرنے والوں کے خلاف کسٹم انٹیلی جنس کی کارروائیاں،1ارب 40کروڑ کا سامان برآمد

22

فیصل آباد، 11ستمبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل کسٹمز انٹیلی جنس فیض احمدکی ہدایت پرسمگلنگ کرنے والوں کے خلاف کسٹم انٹیلی جنس حکام کی کارروائیاں جاری ہیں اور اس سلسلہ میں جاری مہم کے دوران ایرانی تیل و سگریٹ کی بھاری کھیپ سمیت1ارب 40کروڑ کا سمگل شدہ سامان برآمدکرلیا گیا ہے جبکہ فیصل آباد اور ڈی جی خان سے برآمد ہونیوالے مذکورہ نان کسٹم پیڈ سامان میں ایرانی تیل، موبائل فونز، چھالیہ، سگریٹ، خشک ددوھ، این سی پی گاڑیاں، کپڑا اور خوردونوش کا سامان شامل ہے۔ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران قبضہ میں لئے گئے سامان کی مالیت 700 ملین روپے سے زائد ہے

۔

یہ بات ڈائریکٹرکسٹمز انٹیلی جنس فیصل آباد و ملتان ریجن آصف عباس خان نے پیر کوکسٹمز انٹیلی جنس آفس ڈی گراؤنڈ فیصل آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتائی۔

انہوں نے بتایا کہ اینٹی اسمگلنگ کے6 ملین کے کیسزمیں تمام ادارے اکٹھے مل کر کام کر رہے ہیں جبکہ گزشتہ 15روزمیں 1 ارب روپے سے زائد کا اسمگلنگ کا سامان پکڑا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سمگلنگ کی روک تھام میں میڈیا کا کردار کلیدی ہے کیونکہ جب میڈیا رائے عامہ ہموار کرے گا تو یہ مہم کامیاب ہوگی لہٰذاکسی بھی جگہ پر کوئی غلط کام ہورہا ہوتومیڈیا اس کی نشاندہی کرے۔

ڈائریکٹرکسٹمز انٹیلی جنس فیصل آباد و ملتان ریجن آصف عباس خان نے کہا کہ ایرانی تیل کی اسمگلنگ کرنیوالوں کے نام متعلقہ ادارے کو دیدیئے گئے ہیں جن کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ایران سے جو چیزیں بھی اسمگلنگ ہورہی ہیں ان کے خلاف بھر پورکارروائی کی جارہی ہے جس کے ساتھ ساتھ محکمہ کے  کرپشن میں ملوث اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کے انیشی ایٹوسے انہیں بہت حوصلہ ملا ہے اسی لیے تمام ادارے مل کر کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے200 ملین کے غیرملکی سگریٹ بھی پکڑے گئے ہیں۔

ڈائریکٹرکسٹمز انٹیلی جنس نے بتایا کہ اس تقریب کا ایک مقصدکسٹمز کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ 10 ستمبر بروز اتوار کی صبح چار بجے دوران ڈیوٹی جام شہادت نوش کرنیوالے سپاہی سردار خان کیلئے خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا ہے۔

اس موقع پر ڈی جی کسٹم انٹیلی جنس فیض احمد کا پیغام پڑھ کر سنایاگیاجس میں انہوں نے تمام فیلڈ فارمیشنز کی کاوشوں کو سراہا اور بتایا کہ ملک کی معاشی و معاشرتی سر حدوں کی حفاظت کرنے میں کسٹم کے جوانوں اور افسران کا خون شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ڈائریکٹر جنرل کی خصوصی ہدایت پرمحکمہ نے اینٹی سمگلنگ سر گرمیاں تیز کر دی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ رینج آفس فیصل آباد میں ڈپٹی ڈائریکٹر سید عطرت حسین شاہ اور ملتان میں ڈپٹی ڈائریکٹر محمد علی آصف و علی توقیر کی سر براہی میں جولائی، اگست اوررواں ماہ ابتک بھاری مقدار میں سمگلنگ کا سامان پکڑا گیاجس کی مالیت 1.410ملین سے زائد ہے جبکہ برآمدہ سامان میں 5.540 کلو گرام غیر ملکی چھالیہ،286.210 لیٹرڈیزل، سگریٹ 18.586ڈنڈے، گاڑیاں، کاسمیٹکس، کپڑا، ٹائر، شاپنگ بیگ، خشک دودھ، بادام، چائنہ نمک، الائچی، موبائل فونز، انجن، رانی جوس، کریم و دیگر اشیا شامل ہیں جبکہ پچھلے سال اسی دوران پکڑے جانے والے سمگلنگ کے سامان کی مالیت 752 ملین روپے تھی۔

انہوں نے کہا کہ اگر اس سال کیسز کی مالیت کا موازنہ گزشتہ مالی سال کے (جولائی، اگست اور ستمبر 2022) کے ساتھ کیا جائے توامسال 87 فیصد اضافہ ہوا ہے جوکہ افسران اور عملہ کی دن رات کی کاوشوں کا نتیجہ ہے جس پر افسران بالا نے عملہ کی حوصلہ افزائی کیلئے شاباش اور داددی تاکہ آئندہ بھی مزید ہمت، حوصلہ اور ایمانداری سے فرائض سر انجام دینے کاسلسلہ جاری رکھاجاسکے۔انہوں نے بتایا کہ ڈیزل کی سمگلنگ کیخلاف خصوصی کریک ڈاؤن بھی جاری ہے اور اب تک لاکھوں لیٹر ڈیزل ضبط کیا جا چکا ہے جبکہ مزید کارروائیاں جاری ہیں۔

اس موقع پرایڈیشنل ڈائریکٹر محمد ممتاز علی رضا،رینج آفس فیصل آباد کے ڈپٹی ڈائریکٹر علی توقیراور ملتان کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد علی آصف بھی موجود تھے۔