قصور،26ستمبر(اے پی پی نیوز): ڈپٹی کمشنر قصورمحمد ارشد بھٹی کے زیر صدارت عید میلاد النبیﷺکے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔
ڈپٹی کمشنر قصورمحمدارشدبھٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ربیع الاول وہ مقدس مہینہ ہے جس میں ہمارے پیارے نبی حضرت محمدﷺ دنیا میں تشریف لائے‘ آپ ﷺ تمام جہانوں کیلئے رحمت اللعالمین ﷺہیں‘ آپﷺ کا پیغام انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکار مدینہﷺ کی عظمت کے ترانے ازل سے ابدتک جاری رہیں گے‘جشن ولادت مصطفیٰ ﷺکل کائنا ت پر اللہ تعالیٰ کا احسان عظیم ہے‘ آپ ﷺ نے نسل انسانیت کو امن‘رواداری اور بھائی چارے کا عظیم پیغام دیا۔
ڈپٹی کمشنر قصورنے کہا کہ آپﷺ کی ولادت باسعادت کے مقدس دن کو مذہبی جوش و جذبے کیساتھ منایا جائیگا‘ عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات کئے جائینگے‘تقریبات‘محافل اور جلوسوں کیلئے تمام تر سہولیات مہیا کی جائینگی۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد جعفر چوہدری‘چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر لئیق چوہدری، ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی راو عبیدالرحمن، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122انجینئر سلطان محمود،ضلعی امن کمیٹی کے ممبران‘انجمن تاجران کے عہدیداروں نے شرکت کی ۔