قصور؛یوم دفاع پر شہباز شریف سپورٹس اسٹیڈیم میں تقریب،جنگی سازو سامان کی نمائش کی گئی

27

قصور،06 ستمبر (اے پی پی):یوم دفاع کے موقع پر شہباز شریف سپورٹس اسٹیڈیم قصورمیں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، پاک آرمی کے بریگیڈئیر طارق سہیل،ڈپٹی کمشنر قصورمحمد ارشد بھٹی، اسسٹنٹ کمشنر رضوان الحق پوری و دیگر افسران نے شرکت کی، تقریب میں سکول ایجوکیشن، ریسکیو1122، پولیس سمیت دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر پاک فوج کی طرف سے جنگی سازو سامان کی نمائش کی گئی، سکولوں کے بچوں نے ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کیے، بینڈ و ملی نغموں نے فضا کو قومی جذبے سے سرشار کیا، بریگیڈئیر طارق سہیل اور ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی نے بچوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔

اس موقع پر بریگیڈیئر طارق سہیل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن تجدید عہد کا دن ہے، پاک فوج اور اہلیان قصور نے 1965ء کی جنگ میں ایک ہو کر دشمن کا مقابلہ کیا،ہماری قوم آج بھی ایک ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے شہداء آج بھی زندہ ہے، ہم اپنے شہداء سے وعدہ کرتے ہیں اس ملک کی حفاظت کرینگے، جس طرح سیلاب میں ایک ہو کر کام کیاآئندہ بھی ایسا کریں گے۔

 1965 کے شہداء کی یاد میں مصطفی آباد گنج شہداء قبرستان میں بھی تقریب منعقد ہوئی، گنج شہدا قبرستان میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پاک فوج کے چاک چوبند دستے نے سلامی پیش کی، شہداء کی قبروں پر پاک فوج کے اعلی افسران نے پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی، شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے اور فاتحہ خوانی کیلئے شہریوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔

ضلع بھر میں سرکاری سکولوں اور کالجز میں بھی 6ستمبرکی مناسبت سے تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔