ملتان،18 ستمبر(اے پی پی): حکومت پنجاب کی ہدایت پر ملتان ڈویژن میں انسدادِ ڈینگی کارروائیاں جاری ہیں۔اس سلسلے میں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر انجینئر عامر خٹک نے کہا کہ صوبے کو ڈینگی سے پاک کرنا حکومت پنجاب کا عزم ہے،ڈینگی کنٹرول میں ملتان ڈویژن کو صوبہ بھر میں ٹاپ پوزیشن میں ہونا چاہیے،علماءجمعہ کے خطبات میں ڈینگی کوروکنے کے بارے میں شعور اجاگر کریں۔
انہوں نے کہا کہ ڈینگی وائرس سے احتیاطی تدابیر اپنا کر ہی نمٹا جاسکتا ہے، ڈینگی لاروا نکلنے کی صورت میں متعلقہ عمارت کے مالک کے خلاف مقدمات درج کروائے جارہے ہیں،تمام سرکاری عمارتوں،دفاتر میں سپرے، ڈینگی سرویلنس کی جاچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ جدید اینڈرائیڈ سسٹم کے تحت انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو پورٹل پرا پ لوڈ کیا جارہا۔
کمشنرنے کہا کہ کسی بھی عمارت میں موجود مچھررہائشیوں کیلئے خطرہ ہیں،عوامی شمولیت کے بغیر کوئی بھی مہم کامیاب نہیں ہوسکتی،ڈینگی مچھر سے ڈرنے کے بجائے شہری اپنا ماحول خشک اور صاف رکھیں،شہری ڈینگی کی افزائش روکنے کیلئے کردار ادا کریں،محکمہ صحت کی ٹیمیں گھروں،ٹائر شاپس اور قبرستانوں کے چپے چپے پر سرویلنس کررہی ہیں،ڈینگی لاروے کی افزائش کا موجب سروس سٹیشنز کو چیک کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارکوں،تالابوں سمیت تمام عوامی مقامات پر خصوصی صفائی مہم چلائی جائے۔
فوکل پرسن برائے انسداد ڈینگی مہم ڈاکٹر عطا الرحمان نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈویژن میں گزشتہ 2 ماہ میں 267 افراد ڈینگی کا شکار ہوئے،جس میں 219 ٹریول ہسٹری کیساتھ تھے، 7047 ہاٹ سپاٹ چیک کئے گئے،1431 انڈور،956 آوٹ ڈور سائٹس پر لاروا پایا گیا، ڈویژن میں انسدادِ ڈینگی مہم سے منسلک 816 شکایات کا ازالہ کیا گیا، ڈویژن میں 378 بیڈ ڈینگی مریضوں کیلئے مختص کئے گئے جن میں 9 پر ڈینگی متاثرہ مریضوں کا علاج جاری ہے جبکہ 369 بیڈز خالی ہیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر سرفراز احمد ، ڈائیریکٹر ڈویلپمنٹ روبینہ کوثر ، ڈپٹی کمشنرز، متعلقہ محکموں کے افسران ،ڈویژن کے سی ای اوز ہیلتھ، محکموں کے فوکل پرسنز بھی موجود تھے۔