میرپورخاص،18 ستمبر (اے پی پی):ڈویژنل کمشنر فیصل احمد عقیلی نے میرپورخاص ڈویژن میں بڑھتے ہوئے ملیریا کیسز کا نوٹس لے کر تشویش کا اظہار کیا اور آج سے ہی ڈویژن بھر میں ملیریا اور ڈینگی سے بچاؤ اسپرے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ ان کے دفتر میں ملیریا اور ڈینگی سے بچاؤ کے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا گیا۔ کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر میرپورخاص ڈاکٹر جئے رام داس کو ہدایت کی کہ ضلع بھر میں ملیریا اورڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے ہسپتالوں میں قائم وارڈز کو فعال بنایا جائے ،ملیریا اور ڈینگی سے بچاؤ کے اسپرے کا شیڈول جاری کیا جائے ، ہسپتالوں میں ملیریا اور ڈینگی سے بچاؤ کے متعلق ہسپتال عملے کو الرٹ رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ ملیریا سے بچاؤ کے متعلق جو بھی مطلوبہ ضروریات ہوں ان کی بھی رپورٹ دی جائے۔
کمشنر فیصل احمد عقیلی نے میونسپل کمشنر رفیق احمد سھڑ کو ہدایت کی کہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے تمام ٹاؤن چئیرمین کو ملیریا اور ڈینگی سے بچاؤ کا شیڈول جاری کر کےاپنے اپنی یوسیز میں آج سے ہی ان کی نگرانی میں اسپرے کا آغاز کروایا جائے۔
کمشنر نے کہا کہ ضلع تھرپارکر اور عمرکوٹ میں بھی ملیریا اور ڈینگی سے بچاؤ کے لیے اسپرے کا آغاز کیا جائے گا،اس ضمن میں تمام ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود کو ہدایت کی کہ وہ تمام اسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دی جائے کہ وہ ٹاؤن چئیرمین سے مل کر اپنے اپنے تحصیلوں میں ملیریا اور ڈینگی سے بچاؤ کے اسپرے کے کام کو یقینی بنائیں ۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر جئے رام داس نے ملیریا کے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت کی جانب سے ماہ اگست میں 5250 ملیریا کے ٹیسٹ سیمپل لئے گئے تھے اور بتایا کہ ضلع بھر میں 111 صحت مراکز جس میں سے کچھ محکمہ صحت ، نجی اور پی پی ایچ آئی کے زیر نگرانی کام کر رہے ہیں اسی طرح 30 صحت مراکز ایسے ہیں جو صبح 9 بجے سے رات 8 بجے تک کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر 111 صحت مراکز میں ملیریا ٹیسٹ کے کٹس اور علاج کی سہولیات موجود ہیں جبکہ 826 لیڈی ہیلتھ ورکرز اور 36 لیڈی ہیلتھ سپروائزر کی مدد سے 25 ہزار مچھر دانیاں کمیونٹی میں تقسیم کی گئی ہیں ۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے مزید کہا کہ ملیریا سے بچاؤ کے لیے اسپرے دوائی ملیریا کنٹرول پروگرام سے موصول ہوتی ہے جس کے بعد میونسپل کارپوریشن کے حوالے کیا جاتا ہے اور اسپرے کا کام محکمہ صحت کے ساتھ ساتھ محکمہ لوکل گورنمنٹ بھی کرواتا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ملیریا مرض سے بچایا جا سکے۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔