نوشہرہ ورکاں،20 ستمبر( اے پی پی):ڈی ایس پی سرکل نوشہرہ ورکاں محمد نواز گھمن اور سیکیورٹی انچارج تھانہ نوشہرہ ورکاں محمد عثمان نے اپیکس کالج نوشہرہ ورکاں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی سرکل نوشہرہ ورکاں محمد نواز گھمن نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آنے والا وقت آپ لوگوں کا ہے،ملک کی باگ دوڑ آپ نے سنبھالنی ہے اس لیے ضروری ہےکہ اپنی سمت درست رکھیں، محنت کریں اس میں ہی کامیابی ہے اور کہا کہ نشہ ایک لعنت ہے اس سے خود بھی بچیں اور دوسروں کو بھی اس سے بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
ڈی ایس پی محمد نواز گھمن نے پرنسپل اپیکس کالج نوشہرہ ورکاں پروفیسر عبدالغفور چٹھہ کو بہترین نظم و ضبط اور اعلیٰ معیاری تعلیمی ادارے کو کامیاب انداز سے چلانے پر مبارک باد دی اور ملک و قوم کی ترقی میں اپنے طلباء و طالبات کے کردار کو مزید پختہ کرنے کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر ادارے کے اساتذہ کرام نے اپنے اعلیٰ تدریسی طریقہ کار پر ڈی ایس پی کو بریفنگ دی جس پر انہوں نے دلی خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ معمار قوم ہی قوموں کی بنیاد بناتے ہیں۔