نگران صوبائی مشیر معدنیات سردار زادہ عمیر محمد حسنی کا ماربل سٹی حب کا دورہ

44

حب، 21 ستمبر (اے پی پی):نگران وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے معدنیات سردار زادہ عمیر محمد حسنی نے ماربل سٹی حب انڈسٹری کا دورہ کیا ۔

بعدازاں انہوں نے مائنز اینڈ منرل ڈیپارٹمنٹ حب کے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی مائننگ سیکٹر کو ماڈرنائزیشن کی سمت لیجا رہے ہیں، بلوچستان کی مائننگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں جس سے یہاں کی معدنیات کو بہتر طریقے سے نکال کر جدید طریقے سے سامنے لائیں۔

 صوبائی مشیر  سردار زادہ عمیر محمد حسنی نے کہا کہ ہماری کوشش  ہے  کہ  مائنزاینڈ منرل ڈیپارٹمنٹ کی رائلٹی آمدن سالانہ 15 بلین تک پہنچائیں بلوچستان کی مائننگ سیکٹر میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس انجینئرنگ متعارف کروارہے ہیں جس سے مائینگ کی صنعت میں جدت آئے گی، کمپنیز کے سی ایس آرفنڈز کادرست استعمال یقینی بنانے کیلئے میکانزم بنایا جارہا ہے بہت جلد لورالائی ڈیرہ بگٹی چاغی کابھی دورہ کرونگا اور وہاں کی معدنی وسائل کی ترقی اور مقامی لوگوں کے ایشوزسے نگراں وزیراعلیٰ کو بھی آگاہ کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ دودر زنک کمپنی میں کام کرنے والے لیبرز کی یومیہ اجرت انٹرنیشنل قوانین کےمطابق مقررکئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں کے حقوق کا تحفظ اورانویسٹرز کومتوجہ کرنے کیلئے حکومت نئی ماِئنز منرل پالیسی بنارہی ہے جس سے بلوچستان کی ترقی میں مزید اضافہ ہوگا۔