لاہور،22ستمبر(اے پی پی):نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چین کے صوبہ ننشیا کے دارالحکومت ین چوان میں ننشیا میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا،جہاں انہیں ننشیا میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور فیکلٹی کے سینئر ڈاکٹرز نے ننشیا میڈیکل یونیورسٹی میں تعلیم اور ریسرچ کے بارے میں بریفنگ دی۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ننشیا میڈیکل یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور میڈیکل ایجوکیشن کے نظام کا مشاہدہ کیا۔وزیر اعلیٰ نے میڈیکل یونیورسٹی میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے شعبے کا خصوصی جائزہ لیا ، ننشیا میڈیکل یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران سے ملاقات کی۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ننشیا میڈیکل یونیورسٹی میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ سے بھی ملاقات کی،وزیر اعلیٰ نے ننشیا میڈیکل یونیورسٹی میں شعبہ طب کی تعلیم کے حوالے سے جدت پسندی کی تعریف کی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل ایجوکیشن میں جدت لانا وقت کا تقاضہ ہے،ننشیا میڈیکل یونیورسٹی میں میڈیکل ریسرچ کے حوالے سے شاندار کام ہو رہا ہے،ننشیا میڈیکل یونیورسٹی کے ساتھ مل کر پنجاب میں میڈیکل ایجوکیشن کا معیار بلند کریں گے۔
وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ دورہ چین صرف وزٹ نہیں بلکہ باہمی تعاون کو تیز رفتاری سے عوام کی بہتری کیلئے استعمال کیا جائے گا۔چیف سیکرٹری زاہد اخترزمان،ننشیا حکومت کے اعلیٰ حکام اور پاکستانی سفارت خانے کے افسران بھی ہمراہ تھے۔