پشاور، 6ستمبر(اے پی پی): یوم دفاع کے موقع پر ملک کی دیگر حصوں کی طرح ضلع خیبر لنڈیکوتل بازار میں بھی کرسچن کمیونٹی کے زیراہتمام پاک فوج اور دیگر فورسز کے شہداء سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد ہوا ۔
ریلی کا اہتمام لنڈی کوتل بازار کرسچن کمیونٹی نے کیا تھا جس میں سابق اقلیتی ممبر صوبائی اسمبلی ویلسن وزیر، ملک غفار مسیح اور دیگر کرسچن کمیونٹی کے مشران اور عوام نے شرکت کی۔
یوم دفاع ریلی کے موقع پر شرکاء نے پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ،فرنٹیئر کور، سابق خاصہ دار فورس، لیویز فورس اور پولیس فورس کے شہداءکو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک اور قوم کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر دئیے اور ان کی قربانیوں کی وجہ سے ملک میں امن قائم ہوا۔
ریلی کے شرکاء نے کہا کہ پاک فوج دیگر سیکورٹی اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہونگے اور اس ضمن میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ ہم پاک فوج اور دیگر سیکورٹی فورسز کے تمام شہداءکو خراج تحسین اور سلام پیش کرتے ہیں۔